خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے1800 افراد سے وصولی کا حکم

نیب حکام نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں فہرست پیش کردی،عمران خان نے سب سے زیادہ 137مرتبہ سفر کیا،عون چوہدری، ریحام خان سمیت اینکرز اور فوٹو گرافرز کے نام بھی شامل

 چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان نے خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنےوالے 1800 افراد سے وصولی کرکے رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

نیب حکام نے  1800 افراد کی ایک فہرست پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں  پیش کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ افراد  خیبر پختونخوا حکومت  کاہیلی کاپٹر  مفت میں  استعمال کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

قائم مقام چیئرمین نیب نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اختیارات کو چیلنج کردیا

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایم جی موٹرز کے خلاف شکنجہ کَس دیا

فہرست کےمطابق   سابق وزیر اعظم عمران خان نے سب سے زیادہ 137مرتبہ،عون چوہدری نے 67 مرتبہ،سابق آئی جی ناصر خان درانی نے 61 مرتبہ ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔

رپورٹ کے مطابق  عمران خان کی  سابقہ اہلیہ  ریحام خان نے2مرتبہ ،  پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے10مرتبہ اور  ابرار الحق نے2 مرتبہ ہیلی کاپٹر کا مفت استعمال کیا۔

رپورٹ میں  شہر یار آفریدی، حفیظ اللہ، امین اسلم بھی ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے، رپورٹ کے مطابق   آئی جی  صلاح الدین خان نے 8 ،ایس ایس پی  فدا حسن نے  32 مرتبہ، سیکریٹری سید نذر حسین شاہ نے  18 مرتبہ ہیلی کاپٹر پر مفت سفر کیا۔

رپورٹ کے مطابق   محکمہ جنگلات کے افسر سیلمان خان نے 17 ،  علی  امین گنڈا پور نے  5، امجد آفریدی نے  12،سابق  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے  26 اور  وزیر اعلیٰ    کے مشیر عبدالحق نے 37مرتبہ ہیلی کاپٹر پر وزٹ کیا۔   رپورٹ کے مطابق سابق گورنر شاہ فرمان نے  32، مشتاق غنی نے  25،  عاطف  خان نے 34 اور اشتیاق عمر نے 52 مرتبہ ہیلی کاپٹر میں سفر کیا۔

حیران کن طور پر رپورٹ میں اینکرپرسن فریحہ ادریس، ڈاکٹر شاہد مسعود اور ارشد شریف کا نام بھی شامل کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق  فوٹو گرافر امتیاز نے  13 مرتبہ اور فوٹو گرافر  اویس نے دو مرتبہ ہیلی کاپٹر پر سفر کیا۔ چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے ہدایت کی ہے کہ   مفت ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں سے ریکوری کرکے رقم  قومی خزانے میں جمع کرائے۔

واضح رہے کہ صحافیوں ، اینکر پرسنز اور فوٹو گرافرز کا وزرائے اعظم اور وزرائے اعلیٰ کے ساتھ سرکاروں پر ہیلی کاپٹر اورجہازوں میں سفر کرنا معمول کی بات ہے۔صحافی حضرات حکومت کی دعوت پر کوریج کیلیے جاتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر