روس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر ایک شخص گرفتار
روس وفاقی تحقیقاتی ادارہ نے مذہبی جذبات کے تحفظ کے قوانین کے تحت فوجداری مقدمہ درج کرلیا ہے۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد روس میں قرآن کریم کی بےحرمتی کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔ دو ہفتے قبل سویڈن میں اسی طرح کی گھناؤنی حرکت نے مسلم دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ تاہم، روسی حکام کا ردعمل بالکل مختلف ہے۔ انہوں نے توہین رسالت میں ملوث شخص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کر لیا ہے۔
روسی فیڈریشن کے وفاقی تحقیقاتی اتھارٹی نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ اس نے ایک 28 سالہ مصری شہری کے خلاف ایک ویڈیو شائع کرنے کے بعد فوجداری مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ویڈیو میں مصری شخص کو قرآن پاک کی بےحرمتی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
روسی اور ترک میڈیا آؤٹ لیٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے مغربی روس کے شہر اولیانوسک میں مقدس کتاب کی بے حرمتی کرتے ہوئے اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
کشمیری آج برہان وانی کی ساتویں برسی کو ’یوم مزاحمت‘ کے طور پر منا رہے ہیں
امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک، 2 زخمی
اولیانوسک میں وفاقی تحقیقاتی کمیٹی کے ذیلی دفتر کے اہلکاروں نے مصری شخص کو غنڈہ گردی اور مذہبی جذبات کی توہین کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی کے اہلکار نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے بتایا ہے کہ گرفتار شخص نے یہ گھناؤنی حرکت یکم جولائی کو کی تھی۔
ایک روسی نیوز ویب سائٹ سلکی وے نیوز نے تفتیشی ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ "مشتبہ شخص، دریائے سویاگا پر پیدل چلنے والے پل پر تھا، جو ابلوکوف اور ووروبیوف جی اولیانووسک کی سڑکوں کو آپس میں ملاتا ہے، اس نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے یہ گھناؤنی حرکت کی۔”
سلکی وے نیوز نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ "اس شخص نے ویڈیو پر اپنی حرکتیں ریکارڈ کیں، جسے اس نے بعد میں انٹرنیٹ پر پبلک ڈومین میں شیئر کردیا۔
روسی میڈیا کے مطابق ملزم کے خلاف مزید شواہد حاصل کرنے کے لیے اس کی رہائش گاہ کی تلاشی لی جارہی ہے۔
روسی فیڈریشن کے ضابطہ فوجداری کا آرٹیکل 148 مجرم قرار دیتا ہے "عوامی اقدامات جو معاشرے کی واضح بے عزتی کا اظہار کرتے ہیں اور مومنوں کے مذہبی جذبات کی توہین کرنے کے مرتکب ہوتے ہیں۔”
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حال ہی میں کہا تھا کہ قرآن پاک مسلمانوں کے لیے مقدس ہے اور اسے ہر ایک کے لیے مقدس ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کی مقدس کتاب کی توہین روس میں جرم ہے۔









