نریندر مودی کے خلاف ٹوئٹ پر انڈین پائلٹ ملازمت سے برطرف

سینئر پائلٹ نے اپنے ٹوئٹ پر معافی بھی مانگی لیکن اس کے باوجود بھی ملازمت سے ہاتھ دھونے پڑ گئے۔

انڈین فضائی کمپنی کے پائلٹ کوملک کے وزیر اعظم نریندرمودی کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر نوکری سے ہاتھ دھونے پڑ گئے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ انڈیا میں وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرنا بھی جرم بن گیا ہے۔

فضائی کمپنی ‘گو ایئر’ کے سینئر پائلٹ مکی ملک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے پیغام میں نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘وزیراعظم بےوقوف ہیں۔ آپ مجھے ردعمل میں بھی یہی کہہ سکتے ہیں مگر کوئی بات نہیں کیونکہ میں وزیراعظم نہیں ہوں۔ لیکن وزیراعظم بےوقوف ہیں’۔

جس کے بعد جمعرات کو انہوں اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے معذرتی پیغام بھی جاری کیا۔ سینئر پائلٹ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ‘میں وزیراعظم سے متعلق بیان اور دیگرجارحانہ ٹوئٹس پر معذرت خواہ ہوں جن سے کسی بھی فرد کے جذبات مجروح ہوئے ہوں’۔

یہ بھی پڑھیے

سیکیولر انڈیا کے انصاف پر سوالیہ نشان

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں واضح کیا کہ گو ایئر کا کسی بھی ٹوئٹ کے ساتھ بالواسطہ یا بلاواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے ٹوئٹر پر پیغام میں ان کے ذاتی خیالات درج تھے۔

فضائی کمپنی نے پائلٹ کی معذرت کے باوجود بھی انہیں برطرف کردیا۔ کمپنی کے ترجمان نے پائلٹ کی برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ زیرو ٹالرنس کی پالیسی پرعمل پیرا ہے اور تمام ملازمین کے لیے لازم ہے کہ وہ ادارے کے سوشل میڈیا سے متعلق ملازمت کے قواعد و ضوابط اور پالیسیزپر عمل کریں۔

ترجمان گو ایئر نے کہا کہ کمپنی کسی بھی فرد یا ملازم کے ذاتی خیالات سے خود کو منسلک نہیں کرتی۔ کمپنی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پائلٹ کو برطرف کردیا ہے۔

متعلقہ تحاریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے