ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس کے بعد فنکاروں کی تنظیم سے بھی رخصتی

ڈونلڈ ٹرمپ 1989 سے تنظیم کے ممبران میں شامل ہیں۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سوشل میڈیا پلیٹ فامرز کے بعد فنکاروں کی تنظیم اسکرین ایکٹرز گلڈ (سیگ) بھی پابندی عائد کرنے والی ہے۔

کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی ساکھ کو بےحد نقصان پہنچا، یہاں تک کہ ان کی اپنی سیاسی جماعت کے اراکین بھی مخالف ہوگئے۔

ہالی ووڈ اداکاروں کی ناپسندیدگی کے بعد ٹی وی اور ریڈیو کے فنکاروں کی تنظیم دی اسکرین ایکٹرز گلڈ بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر جلد پابندی لگانے والی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے سابق صدر ہونے کے علاوہ مختلف ہالی ووڈ فلمز میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ فلم ہوم الون ٹو اور ٹی وی سیریز دی اپرنٹائیس سمیت مختلف پروجیکٹس میں کام کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ 1989 سے تنظیم کے ممبران میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جنگ سے کنارہ کشی کے باوجود ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی

تنظیم کی صدر گیبریل کارٹریس  نے ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لوگوں کو غلط معلومات فراہم کیں جس سے حامی مشتعل ہوئے اور کیپیٹل ہل پر حملہ کردیا۔ گیبریل کارٹریس  کا مزید کہنا ہے کہ تنظیم کے کسی بھی رکن کی جانب سے اس قسم کا اقدام قابل قبول نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں واضح کمی آئی ۔ سابق امریکی صدر کو فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی بلاک کردیا گیا۔

متعلقہ تحاریر