گریٹا تھنبرگ نے ڈونلڈ ٹرمپ سے حساب برابر کرلیا

گریٹا نے ٹوئٹر پر ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس سے روانگی کی تصویر کے ساتھ تبصرے میں انہی کے الفاظ دہرادیئے۔

سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم کارکن گریٹا تھنبرگ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 2 سال پرانے طنز کا جواب دے دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ماضی میں گریٹا تھنبرگ پرطنزکیا تھا لیکن اب گریٹا نے تازہ ٹوئٹ میں حساب برابر کرلیا۔ ٹرمپ نے 2019 میں گریٹا کی تقریر پر طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ اسے دیکھ کرایسا لگتا ہے کہ ایک پُرجوش نوجوان لڑکی شاندار مستقبل کی منتظر ہے یہ دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔

گریٹا نے اب ٹرمپ کے 2 سال پرانے طنز کا جواب دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرایک پوسٹ شیئرکی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس سے روانگی کی تصویر کے ساتھ تبصرے میں گریٹا نے انہی کے الفاظ دہرا دیئے۔ لکھا کہ ‘اسے دیکھ کرایسا لگتا ہے کہ ایک پرجوش معمرشخص روشن مستقبل کا منتظر ہے، یہ دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے’۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2019  میں اقوام متحدہ کا ماحولیاتی آلودگی پر خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ جس میں گریٹا نے شرکت کرکے امریکا سمیت دنیا بھر کی ماحولیاتی پالیسیوں پر جاندار تقریر کی تھی۔ گریٹا کی اس تقریر کی دنیا نے داد دی لیکن ڈونلڈ ٹرمپ  مخالفت میں کھڑے ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

سویڈن میں گریٹا تھنبرگ کا ڈاک ٹکٹ جاری

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب گریٹا نے ڈونلڈ ٹرمپ کے طنز کا جواب دیا ہو۔ اس سے پہلے جب گریٹا کو ٹائم میگزین کی سالانہ شخصیت کے لیے نامزد کیا گیا تھا تو سابق صدر نے انہیں ‘چل’ رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ جس کا بدلہ گریٹا نے نومبر2020 میں ٹوئٹ میں انہی کے الفاظ دہراکر لے لیا۔

متعلقہ تحاریر