انڈین طالبہ فلم نائیک کی طرح ایک دن کے لیے وزیراعلیٰ بن گئیں

نوجوان وزیر اعلیٰ کے والدین نے انوکھے اقدام پر ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

2001 میں بالی ووڈ فلم ‘نائیک’ ریلیز ہوئی تھی جس میں اداکار انیل کپور ایک دن کے لیے وزیراعلیٰ بنے تھے۔ اب انڈیا میں فلم کا منظر حقیقت کا روپ اختیار کر گیا ہے کیونکہ 20 سالہ طالبہ ایک دن کے لیے اتراکھنڈ کی وزیراعلیٰ بنی ہیں۔

شریستی گوسوامی بی ایس سی کی طالبہ ہیں جنہیں 2018 میں چلڈرن اسٹیٹ اسمبلی بال ودھان سبھا میں 3 سال کے لیے وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔ اس علامتی تقریب کا انعقاد اسٹیٹ کمیشن کے ذریعے بچوں کو جمہوری نظام سے واقف کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔

تاہم 24 جنوری کو نیشنل چائلڈ ڈے کے موقع پر شریستی گوسوامی کو ایک دن کے لیے حقیقی وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

علامتی طور پر اتراکھنڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی لڑکی نے ریاست کی وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالا تھا۔

دن کے دوران شریستی گوسوامی نے ریاست کی اسمبلی میں منعقدہ فرضی بچوں کی اسمبلی کے اجلاس میں حصہ لیا جس میں تعلیم، خواتین اور بچوں کی ترقی اور سیاحت سمیت دیگر مختلف محکموں کے عہدیداروں نے ایک روزہ وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیے

امریکی سفارتخانے نے تنازع پیدا کیاہے یا ہم آہنگی؟

زراعت کی طالبہ ہونے کی حیثیت سے انہوں نے شعبے میں بہتری کے لیے تجاویز دیں جو ریاست اتراکھنڈ کی 65 فیصد سے زیادہ آبادی کا ذریعہ معاش ہے۔

شریستی گوسوامی نے اتراکھنڈ میں جاری ترقیاتی پروگراموں میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔

نوجوان وزیر اعلیٰ کے والدین نے انوکھے اقدام پر ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اظہار کیا کہ اس سے یہ پیغام دینے میں مدد ملے گی کہ لڑکے اور لڑکیاں برابر ہیں۔ لڑکوں کی طرح لڑکیاں کچھ بھی حاصل کرسکتی ہیں اور ان سے کم نہیں ہیں۔

متعلقہ تحاریر