ڈونلڈ ٹرمپ کی کم جونگ ان کو انوکھی پیشکش

ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ اُن کو ایئر فورس ون میں گھر چھوڑنے کی پیشکش کی جسے کم جونگ اُن نے مسترد کر دیا۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کے ساتھ ملاقاتیں ان کی صدارت کے سب سے دلکش لمحات میں شامل تھیں تاہم ایک ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ اُن کو ایئرفورس ون میں گھر چھوڑنے کی انوکھی پیشکش بھی کی تھی۔

ویتنام کے شہر ہنوئی میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کا دوسرا سربراہی اجلاس منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہوا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو معلوم تھا کہ کم جونگ اُن نے ٹرین میں کافی دن کا سفر طے کیا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے کم جونگ اُن کو لفٹ دینے کی پیشکش کی تھی۔ لیکن کم جونگ ان نے لفٹ لینے سے انکار کردیا تھا۔

امریکا میں قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے کہا کہ ‘ڈونلڈ ٹرمپ کا خیال تھا کہ انہوں نے نیا دوست بنا لیا ہے۔’

ڈونلڈ ٹرمپ نے صرف کم جونگ اُن کو لفٹ کی ہی پیشکش نہیں کی تھی بلکہ جب کم جونگ نے امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا کہا تو وہ اس پر بھی راضی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈونلڈ ٹرمپ کی عمارت منہدم کردی گئی

بی بی سی کے مطابق امریکا کی قومی سلامتی کے سابق مشیر نے بتایا کہ ‘امریکہ کے اس وقت کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو، چیف آف اسٹاف کیلی اور وہ خود وہاں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہی کمرے میں بیٹھے تھے اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے مشورہ نہیں کیا۔ یہ صرف ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنا خیال تھا۔ یہ ایک ایسا احسان تھا جس کے بدلے میں ہمیں کچھ نہیں ملا۔’

اس سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ کم جونگ اُن کو ‘راکٹ مین’ پکارتے تھے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ وہ شمالی کوریا کو سخت الفاظ میں دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایئر فورس ون وہ طیارہ ہے جو صرف امریکی صدر کے زیراستعمال ہوتا ہے۔ امریکا کے صدر کے علاوہ کسی بھی شخص کو اس طیارے میں سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ ایک طرف شمالی کوریا سے معاملات خراب تھے تو دوسری ڈونلڈ ٹرمپ کم جونگ اُن کو امریکی صدر کے لیے مخصوص کردہ طیارے میں گھر چھوڑنے کی پیشکش کر رہے تھے۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کوئی ناقابل یقین بات کی ہو بلکہ اس سے پہلے بھی وہ ایسے کئی فیصلے کر چکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر