ایدھی فاؤنڈیشن کی انڈین حکومت کو مدد کی پیشکش

ایدھی فاؤنڈیشن اسی مشکل وقت میں پڑوسی ملک ہونے کے ناطے انڈیا کی مدد کرنا چاہتی ہے اور 50 ایمبولینسز کا کارواں اور عملہ انڈیا میں بھیجنا چاہتی ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال میں انڈیا کی مدد کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے انڈین وزیر اعظم کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ ان کا ادارہ انڈیا میں کووڈ کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے انڈیا میں کرونا کی وباء کے دوران بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر افسوس ہے۔ فیصل ایدھی نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن اسی مشکل وقت میں پڑوسی ملک ہونے کے ناطے انڈیا کی مدد کرنا چاہتی ہے اور 50 ایمبولینسز کا کارواں اور عملہ انڈیا میں بھیجنا چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کرونا کے معاملے میں پاکستان کو انڈیا سے سبق سیکھنا چاہیے

خط میں لکھا ہوا ہے کہ ایدھی کی امدادی ٹیم میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز، آفس اسٹاف، ڈرائیورز اور عملہ شامل ہوگا جو امدادی کاموں میں استعمال ہونے والی اشیاء اپنے ساتھ لے کر آئے گا۔ ان اشیاء میں ایندھن، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہوں گی۔

فیصل ایدھی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اُنہیں اس انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی مدد کے لیے صرف انڈیا میں داخلے کی اجازت چاہیے اور مقامی انتظامیہ کی رہنمائی۔

متعلقہ تحاریر