ترکی کے جنگلات میں آتشزدگی، پاکستانی دعاگو

ترکی میں لگنے والی آگ کا واقعہ پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا ہے۔

ترکی کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 140 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ آتشزدگی کے باعث ہزاروں رقبے پر موجود جنگلات راکھ بن چکے ہیں۔ ترکی کی آگ پاکستان میں سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہی ہے۔ صارفین ترکی کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔

تین روز قبل بحیرہ ایجین اور روم سے متصل ترکی کے جنوبی ساحلی علاقوں کے جنگلات میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے 21 صوبوں کے 71 مقامات کو لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے باعث سیکڑوں جانور بھی ہلاک ہوگئے۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ 43 مقامات پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ ہوا کی رفتار تیز ہونے سے آگ بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے جبکہ ریسکیو اہلکار آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 35 جہاز، 457 گاڑیاں اور 4 ہزار فائر فائٹرز متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔

آتشزدگی کے بعد متاثرہ علاقوں کو خالی کروالیا گیا ہے۔ آگ لگنے سے ترکی  کے کئی سیاحتی مقامات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ہزاروں سیاح اپنے ہوٹل چھوڑ کر چلے گئے ہیں جس سے ترکی کو بھاری مالی نقصان کا بھی سامنا ہے۔

ترک حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جنگلات کو آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے۔ گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردگان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ صدارتی ہاؤس کے مواصلاتی ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ فطرت اور جنگلات پر حملہ کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کا خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر یوٹرن

ترکی میں لگنے والی آگ کا واقعہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر لوگ مختلف ویڈیوز شیئر کررہے ہیں جس میں لوگوں کو سیاحتی مقامات کو چھوڑ کر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ متعدد وڈیوز میں دھویں سے بھری سڑکوں پر لوگ بھاگتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ پاکستان کے سوشل میڈیا صارفین ترکی کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔

ترکی بیان

ترکی کے جنگلات میں آتشزدگی پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پرے فار ترکی ٹرینڈ کررہا ہے۔

متعلقہ تحاریر