امریکا میں ایک روز میں کرونا وائرس کے 10لاکھ سے زائد کیسز ریکارڈ
امریکہ میں کیسز کی یہ تعداد ایک ایسے وقت میں ریکارڈ ہوئی جب وہاں کرونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون تیزی سے پھیل رہا ہے

عالمی وباء کورونا وائرس نے امریکہ میں ایک بار پھر تباہی مچادی ، ایک روز میں 10 لاکھ سے زائد کیسز اور ایک ہزار 688 اموات بھی رپورٹ کی گئیں۔
چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے پوری دنیا میں تباہی مچارکھی ہے ، عالمی وبا ء کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک دس لاکھ سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں ،کورونا وائرس کی شدت میں کمی دیکھنے میں آئی تھی تاہم امریکہ میں یہ وائرس ایک بار پھر سے تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں ایک روز میں 10 لاکھ سے زائد کیسز ریکارڈ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے
امریکہ میں کرونا کے علاج کیلئے گولیوں کے استعمال کی اجازت دے دی گئی
دنیامیں تباہی مچانے والے کورونا وائرس سےمحفوظ دنیا کے10ممالک
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں پر نظر رکھنے والی امرکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں ریکارڈ کیسز کی یہ تعداد 3 جنوری بروز پیر کو رپورٹ ہوئے۔ امریکہ میں کیسز کی یہ تعداد ایک ایسے وقت میں ریکارڈ ہوئی جب وہاں کرونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون تیزی سے پھیل رہا ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اسی روز امریکہ میں ایک ہزار 688 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔ پیر کے روز امریکہ میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ 10 لاکھ 17 ہزار سے زائد کرونا کیسز سامنے آئے جن میں سے کچھ اومی کرون کے بھی ہیں۔
امریکی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دو روز ہفتے اور اتوار کو عالمی وبا کے حوالے سے ٹیسٹ رپورٹ جاری نہ ہونے کی وجہ سے تینوں دنوں کی ایک ساتھ رپورٹس آنے سے کیسز کی تعداد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین کے مطابق موسم سرما کی پہلی برفباری اور سردی میں اضافے کے بعد وائرس بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ خیال رہے کہ امریکا کے اسپتالوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مریضوں کی تعداد میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور اس وقت مختلف اسپتالوں میں ایک لاکھ سے زائد مریض زیرعلاج ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کے آغاز کے بعد سے امریکا میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو اب 8 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔









