امریکی صدر پاکستانی نژاد خضر معظم خان کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیں گے

خضر معظم خان گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے اور 1980سے امریکا میں مقیم ہیں، بیٹے کی عراق جنگ میں موت پر انہیں گولڈ اسٹار والد کا خطاب دیاگیا تھا

امریکی آئین کے بارے میں سابق صدر ٹرمپ کی معلومات کو چیلنج کرنے پر 2016 میں شہرت حاصل کرنے والے گولڈ اسٹار والد خضر معظم خان کو صدر جو بائیڈن 7 جولائی کو امریکا کےاعلیٰ ترین سول ایوارڈ” صدارتی تمغہ برائے آزادی“سے نوازیں گے۔

مرکز آئینی خواندگی و قومی اتحاد کے بانی اس سال  یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے  17امریکی شہریوں میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ٹیکساس میں ٹریلر سے 46 تارکین وطن کی لاشیں برآمد

سکریٹری جنرل نیٹو کا فوجیوں کی تعداد  3 لاکھ تک بڑھانے کا اعلان

گولڈ اسٹار والدین کی اصطلاح ان افراد کے لیے استعمال کی جاتی ہے جن کے بچے امریکا کے لیے لڑتے ہوئے مرتے ہیں۔ مسٹر خان اور غزالہ خان امریکی فوج کے کیپٹن ہمایوں خان کے والدین ہیں جو 2004 میں عراق جنگ کے دوران مارے گئے تھے۔

وائٹ ہاؤس  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدارتی تمغہ آزادی امریکی قوم کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے، جو ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے امریکا کی خوشحالی، اقدار، یا سلامتی، عالمی امن، یا دیگر اہم سماجی، عوامی، یا نجی خدمات میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔

بیان کے مطابق خضر خان قانون کی حکمرانی اور مذہبی آزادی کے ایک ممتاز وکیل ہیں اور انہوں نے صدر بائیڈن کے تحت امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی میں خدمات انجام دیں۔

خضر معظم خان گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے اور 1980سے امریکا میں مقیم ہیں۔وہ امریکا کا اعلیٰ ترین سول اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی نژاد امریکی ہیں۔

متعلقہ تحاریر