لیاری میں 6 منزلہ عمارت مخدوش قرار دے کر خالی کرا لی گئی ، مکین خوار

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹیریل کا استعمال کیا گیا تھا جس کی وجہ سے عمارت ایک جانب کو جھک گئی۔

کراچی کے علاقے لیاری یعقوب شیرا روڈ گلی نمبر 7 میں واقع رہائش عمارت اچانک ایک جانب کو جھک گئی جس کے بعد عمارت کے مکینوں اور آس پاس کی عمارتوں کے رہائیشیوں نے بلڈنگ کو خالی کردیا ہے۔

مخدوش عمارت کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور متعلقہ اداروں کے اہلکار اور حکام لیاری پہنچ گئے۔ ایس بی سی اے کے حکام نے عمارت کو ناقابل رہائش قرار دیتے ہوئے خالی کرا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بیروزگاری میں اضافہ، افغان شہری ٹھیلے لگانے پر مجبور

ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے پچھاڑ دیا

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گل امین نامی بلڈر کی ہے۔ پولیس حکام نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلیے اردگرد کی گلیوں کو سیل کردیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کو گرانے کا عمل ایس بی سی اے کے معائنے کے بعد کیا جائے گا تاہم ابھی عمارت کو خالی کرا لیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ خطرے کے پیش نظر عمارت کے آس پاس کی بھی چھ مکانات کو بھی خالی قرار لیا گیا۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی بنیاد کمزور تھی اور تعمیر کے کچھ عرصہ کے بعد ایک جانب کو جھک گئی تھی۔ جب عمارت کی تعمیر جاری تھی ہم نے اس وقت بھی احتجاج کیا تھا کیونکہ عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں عمارتوں کے گرنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں مگر ہماری انتظامیہ بلڈرز کے خلاف کبھی کوئی ایکشن لیتی دکھائی نہیں دیتی ہے۔ گزشتہ سال جون میں بھی لیاری ہی کی کھڈا مارکیٹ کے پاس ایک مخدوش عمارت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک بچہ جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ ملبے تلے دب کر متعدد اففراد زخمی بھی ہو گئے تھے۔

متعلقہ تحاریر