این اے 62 سے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظور
ریٹرننگ افسر نوشین اسرار نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی غیرموجودگی میں ان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے۔
ریٹرننگ افسر (آر او) نے عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) کے سربراہ شیخ رشید کے حلقہ این اے 62 راولپنڈی سے ضمنی انتخاب کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے، تاہم اڈیالہ جیل کے حکام نے شیخ رشید کو آر او کے سامنے پیش کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ریٹرننگ افسر (آر او) نوشین اسرار نے ان کے نمائندے کی موجودگی میں کاغذات قبول کیے ، کیونکہ شیخ رشید کو اڈیالہ جیل حکام نے الیکشن آفس میں پیش ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
مریم نواز کے چیف آرگنائزر بننے کے بعد پارٹی ڈس آرگنائز ہوگئی
مریم نواز نے عمران خان کو ذہنی مریض قرار دے دیا
واضح رہے کہ گذشتہ روز آر او نے عوام مسلم لیگ کے سربراہ کو اپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا کہا تھا۔ اس سلسلے میں ای سی پی نے جیل حکام کو خط بھی لکھا تھا۔
ریٹرننگ افسر (آر او) نوشین اسرار کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اعتراضات 13 فروری تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شفیق نے کہا کہ جیل حکام نے انہیں آر او کے سامنے پیش نہ کر کے مجسٹریٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید پر وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے لیکن سابق وزیر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے کے اپنے موقف پر قائم ہیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف قتل کی سازش کے الزامات سے متعلق کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو جیل منتقل کیا تھا۔









