مالی سال کے 8 ماہ میں امریکا سے ترسیلات زر میں 3 فیصد اضافہ
امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے جولائی تا فروری 1.973 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستانیوں نے 1.917 ارب ڈالر بھجوائے تھے
رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 3 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے جولائی 2022 سے فروری 2023 کے درمیان 1.973 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک کو بھجوایا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستانیوں کیلیے حج کی ادائیگی مزید مشکل، اخراجات میں 3 لاکھ روپے اضافہ
اسٹیٹ بینک کے ذخائر 280 ملین اضافے کے ساتھ 4.59 بلین ڈالر تک پہنچ گئے
یہ رقم پچھلے مالی سال کی اسی مدت کے اعداد و شمار سے 3 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی زیر جائزہ مدت میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 1.917 ارب ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھجوایا تھا۔
فروری میں امریکا سے ترسیلات زر کا حجم 219 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ سال فروری میں بھیجی گئی رقم سے 4 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال فروری میں امریکا سے ترسیلات زر کا حجم 211 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوری کے مقابلے فروری میں امریکاسے ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جنوری میں امریکا میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 214 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک میں بھجوایا جو فروری میں بڑھ کر 219 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔