اے ٹی سی سے عمران خان کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور
دوران سماعت اے ٹی سی کے جج نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان پانچ منٹ کا سفر کریں اور حاضری لگائیں۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانتیں منظور کرلیں ، عدالت نے پی ٹی آئی کے سربراہ کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔
اے ٹی سی کے فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ یہ صرف پانچ منٹ کا سفر ہے عمران خان آکر حاضری لگائیں۔
عمران کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسی طرح کی درخواست منظور کی تھی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم والے احتجاج کررہے ہیں ، اور امن و امان کی صورتحال بھی ٹھیک نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کوہاٹ میں کوئلے کی کان کے تنازع پر قبائلی تصادم، 16 افراد ہلاک، 12 زخمی
قائمہ کمیٹی قواعد وضوابط و استحقاق نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 کی منظوری دے دی
عدالت نے استفسار کیا کہ زمان پارک اور انسداد دہشت گردی عدالت کے درمیان احتجاج کہاں ہو رہا ہے؟
بیرسٹر صفدر نے کہا کہ زمان پارک کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔
عمران کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور تمام رہنماؤں نے ملک میں ہونے والے حالیہ واقعات کی مذمت کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کے لیے تیار ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہونے کے ناطے ہر طرح کے آتش زنی اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔
جج نے کہا کہ اگر کوئی ٹھوس وجہ ہے تو حاضری سے استثنیٰ دیں گے۔ وکیل نے ریمارکس دیئے کہ خدشہ ہے عمران خان کو خفیہ کیس میں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔









