وزیراعظم نے عمران خان سے بات چیت کے امکان کو مسترد کردیا

میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کا محاسبہ ہونا چاہیے۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کا لبادہ اوڑھ کر جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ پرتشدد کارروائیوں کا احتساب ہونا بہت ضروری ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے مذاکرات کےلیے بنائی گئی 7 رکنی کمیٹی پر ردعمل دیتے ہوئے میاں شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "مزاکرات سیاسی عمل کا کلیدی جزو ہیں جو جمہوریت کے ارتقاء میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں.”

یہ بھی پڑھیے

میڈیکل رپورٹ سے متعلق دعوے: عمران خان نے عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب کا قانونی نوٹس بھیج دیا

سمیع ابراہیم کی واپسی مگر عمران ریاض تاحال لاپتہ؛ حکومت کے متضاد دعوے

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ "تاریخ ایسے سیاسی اور آئینی کامیابیوں سے بھری پڑی ہے جب سیاسی قائدین مذاکرت کی میز پر بیٹھے اور قومی امور پر اتفاقِ رائے قائم ہوا.”

9 مئی کے واقعات کے تناظر میں میاں محمد شہباز شریف نے مزید لکھا ہے کہ "تاہم یہاں ایک بنیادی فرق یہ ہے کہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ پھیلانے والے ایسے لوگ جو خود کو نام نہاد سیاست دان کہلواتے ہیں، مزاکرات کے اہل نہیں ہو سکتے.”

انہوں نے لکھا ہے کہ "ان کے عسکریت پسندانہ اقدامات کیلئے احتساب ہونا چاہیے. اور یہ کوئی معیوب بات نہیں بلکہ دنیا کی ترقی یافتہ جمہوریتوں میں بھی ایسے لوگوں کا محاسبہ کیا جاتا ہے.”

متعلقہ تحاریر