لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کا شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم
جسٹس عبدالعزیز نے رہنما تحریک انصاف کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے نوٹی فیکیشن کو کالعدم قرار دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار ، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات بھی لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیے
کورکمانڈر ہاؤس حملے کے مرکزی ملزم مراد راس پی ٹی آئی چھوڑ کر الزامات سے پاک ہوگئے
لاہور کی مقامی عدالت سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی بریت، پنجاب پولیس کی قلابازیاں جاری
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے نوٹی فیکیشن کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے سامنے شاہ محمود قریشی کے وکیل فائزہ حسن اور تیمور ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ جبکہ دوسری جانب سے سرکاری وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ شاہ محمود قریشی نے اگر کوئی تقریر یا کسی احتجاج کو لیڈ کیا ہے تو بتائیں۔ کوئی بھی سیاسی لیڈر کسی سیاسی مجمعے میں اپنے الفاظ کو کنٹرول نہیں کرسکتا۔ شاہ محمود قریشی کے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو عدالت میں پیش کریں۔
جس پر سرکاری وکیل سے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں جواب دینے کے لیے 2 دن کا وقت دیا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے نظربندی کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔









