وزیراعلیٰ سندھ کی اچانک امریکا روانگی اور افواہیں
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے قریبی حلقوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ جلد واپس آ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی اور حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان جاری اعصاب کی جنگ کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اچانک امریکا روانہ ہوگئے۔ اِس اچانک روانگی پر مختلف افواہیں گردش کرنے لگیں ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 11 دسمبر کو امریکا روانہ ہوئے تھے۔ پیپلزپارٹی نے تصدیق کی ہے کہ مراد علی شاہ نجی مصروفیات کے باعث امریکا روانہ ہوئے ہیں جو واپس آکر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس معاملے میں خود ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی کی عمارت میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ واپس آئیں گے اور 24 دسمبر کو کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ کی 10 دن کی چھٹی پر جانے کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘مراد علی شاہ قیادت کو بتا کر روانہ ہوئے ہیں۔ اس معاملے پر قیادت مکمل آگاہ ہے’۔
اس کے علاوہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے قریبی حلقوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ جلد واپس آ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ سیف سٹی پروگرام تاخیر کا شکار
ادھر سندھ میں حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے کرونا کی وبائی صورتحال میں وزیراعلیٰ سندھ کے امریکا جانے پر سوال اٹھادیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا اچانک دورہ کئی صحافیوں کی گفتگو کا موضوع بنا ہوا ہے۔ جبکہ سیاسی حلقے بھی اس بحث میں مصروف ہیں کہ وزیر اعلیٰ اچانک کہاں گئے ہیں اور ان کی کیا مصروفیات ہوسکتی ہیں؟
اس ضمن میں سندھ حکومت نے بھی کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔
واضح رہے کہ مراد علی شاہ نومبر میں کرونا کا شکار ہوئے تھے۔ جس کی تصدیق خود وزیراعلیٰ ہاؤس نے کی تھی۔
* وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا
— CMHouseSindh (@SindhCMHouse) November 16, 2020
جس کے بعد دسمبر میں وزیراعلیٰ سندھ نے خود بتایا تھا کہ انہوں نے کرونا کو شکست دے دی ہے۔
By the Grace of Allah, I have tested negative for COVID-19. Thank you to all friends & well wishers for their calls and messages. Although I have tried, it hasn’t been possible to respond to everyone individually. Please know that I am grateful for your good wishes.
— Murad Ali Shah (@MuradAliShahPPP) December 2, 2020
پاکستان میں چند حلقے مراد علی شاہ کی اِس اچانک امریکا روانگی کو اُن کی ناسازی طبیعت سے تعبیر کر رہےہیں اور کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنا علاج کرانے گئے ہیں لیکن وہ اُسے ملک کے سیاسی حالات کی وجہ سے خفیہ رکھنا چاہتے ہیں۔ جبکہ چند باخبر افراد کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ امریکا کے نومنتخب صدر جو بائڈن کی ٹیم میں موجود افراد کے ساتھ ملاقاتیں کرنے اور اعتماد سازی کے لیے وہاں گئے ہیں۔ اور اِس دورے کے دوران وہ اپنے بچوں کی امریکا میں تعلیم کا بندوبست بھی کریں گے۔
اگر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ واپسی پر اِس بارے میں شکوک شبہات ختم کردیتے ہیں تو یہ معاملہ ختم ہو جایے گا ورنہ ایسی صورتحال میں اُن کا دورہ امریکا معمہ ہی بنا رہے گا۔