کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، شیخ رشید احمد
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ ہر حال میں قائم کی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے بلامقابلہ قائد ایوان منتخب
میڈیا ہاؤسز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر جھوٹی خبریں پھیلانے لگے
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ خواہش ہے کے سارے معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں۔ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اور نور الحق قادری کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دو گھنٹے تک جاری رہا جس میں ملک میں امن و امان اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر دفاع پرویز خٹک ، ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے نے شرکت کی۔









