نیوزی لینڈ کی رکن پارلیمنٹ سائیکل پر اسپتال پہنچیں، بچے کو جنم دیا
اینے جینٹر اتوار کی رات کو زچگی کے دوران سائیکل چلا کر اسپتال پہنچی اور ایک گھنٹے بعد بچے کی پیدائش ہوئی۔

نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ رکن اینے جینٹر اتوار کی رات اپنی سائیکل پر اسپتال روانہ ہوئیں۔ وہ دردِ زہ میں مبتلا تھیں اور اسپتال پہنچنے کے ایک گھنٹے بعد انہوں نے بچے کو جنم دیا۔
انہوں نے فیس بک پر صبح کے تین بجے پوسٹ لکھی کہ ‘ہم اپنے خاندان میں نئے فرد کو خوش آمدید کہتے ہیں، میرا ارادہ تو نہیں تھا کہ حمل کے دوران سائیکل چلاؤں لیکن ایسا کرنا ہی پڑا’۔
یہ بھی پڑھیے
ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کرنے والی اسماء جان
پہلی خاتون ایتھلیٹ نے سائیکل پر ‘کے ٹو’ کا بیس کیمپ سر کرلیا
50 لاکھ کی آبادی والے جزیرے نیوزی لینڈ کے بارے میں مشہور ہے کہ یہاں کے سیاستدان بہت عاجز ہیں۔ وزیراعظم جسینڈا آرڈن نے بھی زچگی کے دوران چھٹیاں لی تھیں اور انہیں بعد ازاں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس میں اپنے تین ماہ کے بچے کو لے جانا پڑا تھا۔
خاتون رکن جینٹر اپنی پارٹی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کی ترجمان ہیں اور ان کے فیس بک پروفائل پر لکھا کہ کہ ‘مجھے اپنی سائیکل سے پیار ہے’۔
مقامی میڈیا کے مطابق وہ سنہ 2018 میں اپنے پہلے بچے کو جنم دینے کے لیے بھی اسپتال سائیکل پر پہنچی تھیں۔









