کورونا ویکسین لگانے کیلیے میری لاش پر سے گزرنا ہوگا، سارہ پالن
ریپبلکن پارٹی کی رہنما نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر پہلے کہتے تھے کورونا ہوگیا تو مدافعت پیدا ہوجائے گی، اب کہہ رہے ہیں ویکسین لگوانا ضروری ہے۔
امریکہ کی سیاسی جماعت ریپبلکن کی رہنما سارہ پالن نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین لگانے کیلیے حکام کو میری لاش پر سے گزرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تین روزہ فیسٹیول ‘امریکہ فیسٹ’ میں کیا۔
سارہ پالن نے امریکی محکمہ صحت کے عہدیدار ڈاکٹر اینتھونی فاسی کو آڑے ہاتھوں لیا، ڈاکٹر فاسی ملک بھر میں ویکسین لگانے پر زور دیتے رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کلفٹن ڈرائیو تھرو ویکسین سینٹر پر عوام کا رش
گوگل کا کرونا ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کو آخری انتباہ
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 8 لاکھ 6 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
سارہ پالن نے ماہر صحت کو سب سے زیادہ متضاد باتیں کرنے والا سربراہ کہا ہے، انہوں نے تقریر کے دوران کہا کہ کیا آپ کو یاد ہے کہ ڈاکٹر فاسی نے کہا تھا اگر کسی کو کورونا ہوگیا تو اس میں خود بخود مدافعت پیدا ہوجائے گی؟
سارہ پالن نے کہا کہ پہلے انہوں نے ہمیں یقین دلایا کہ ہمیں ویکسین کی ضرورت نہ ہوگی، اب انہوں نے بات گھما دی ہے، اب ہم میں سے جن کو کورونا ہوا ہے تو یہ ماہرین صحت بتا رہے ہیں کہ ٹھیک ہے آپ میں فطری طور پر مدافعت پیدا ہوگئی ہے لیکن اس کے باوجود آپ کو ویکسین لگوانا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب انہیں ویکسین لگانے کیلیے میری لاش پر سے گزرنا ہوگا، میں نہیں لگواؤں گی اور یہ میرے بچوں سے بھی دور رہیں تو زیادہ بہتر ہوگا۔