میڈیا ہاؤسز اپنے اکاؤنٹس پبلک کریں، آمدنی اور اخراجات سامنے لائیں، فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈان اخبار میں شائع ہونے والے اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ میڈیا ہاؤسز کی آمدنی میں 600 فیصد اضافہ ہوا، میڈیا تنظیموں نے اسے جھوٹی خبر کہا۔
میڈیا اداروں نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان کی سخت مذمت کی ہے، فواد چوہدری نے کہا تھا کہ 2018 سے 2021 کے درمیان میڈیا کی آمدنی میں 600 فیصد اضافہ ہوا۔
پاکستان میڈیا کے ریونیو میں 2018 سے 2021 میں 600 فیصد اضافہ ہوا ہے ، یہ خوش آئند بات ہے لیکن سوال یہ ہے اگر معیشت مستحکم نہ ہو تو اشتہارات میں اتنا اضافہ کیسے ممکن ہے؟ ذرا سوچئے اور خدا کیلئے میڈیا ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کریں تا کہ انھیں بھی مہنگائ کا اثر کم لگنا شروع ہو pic.twitter.com/cRzeyMD672
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 17, 2022
میڈیا تنظیموں بشمول آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) اور پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے فواد چوہدری کے ٹویٹ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور اسے بےبنیاد اور غلط قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیے
جعلی یا فیک نیوز آج کا اہم مسئلہ ہے، سینئر صحافی عون ساہی
فیک نیوز کیا ہوتی ہے، ایک صحافی نے اینکرز کو سمجھا دیا!
یاد رہے کہ فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں ڈان اخبار کی شائع ہونے والی رپورٹ کا حوالہ دیا تھا۔
ڈان اخبار نے وضاحت کی کہ یہ اعداد و شمار ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے شائع ہوئے۔
میڈیا تنظیموں کے مشترکہ بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات کی ٹویٹ کو جھوٹی خبر کی اعلیٰ مثال قرار دیا گیا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ فواد چوہدری نے ایسی بات کہہ کر میڈیا مالکان اور ملازمین کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی۔
میڈیا تنظیموں کے مشترکہ بیان کے بعد فواد چوہدری نے ایک نئی ٹویٹ میں کہا کہ اگر میڈیا مالکان کے ریونیو میں 600 فیصد اضافہ نہیں ہوا اور ڈان اخبار کے اعداد و شمار غلط ہے تو بھی انہیں غلط ثابت کرنے کے لیے میڈیا گروپس کے اکاؤنٹس کو پبلک کرنا ضروری ہے۔
میڈیا مالکان کہ رہے ہیں کہ میڈیا ریونیو میں 600 گنا اضافہ نہیں ہوا،ہو سکتا ہے ان کی بات درست ہو اور Aurora کے اعداو شمار غلط ہوں لیکن اس کو غلط ثابت کرنے کیلئے ضروری ہے کہ میڈیا گروپس اپنے اکاؤنٹس اوپن کریں تاکہ میڈیا ورکرز اپنے اداروں کی آمدنی اور اخراجات دیکھ سکیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 18, 2022
انہوں نے کہا کہ جب میڈیا گروپس کے اکاؤنٹس اوپن ہوں گے تو میڈیا ملازمین اپنے اداروں کی آمدنی اور اخراجات کا فرق بھی دیکھ سکیں گے۔









