پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر غیریقینی کے سائے منڈلانے لگے

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں خوفناک آتشزدگی، پی ایس ایل کیلیے تیار کردہ کمنٹری باکس تباہ، باؤنڈری پر ایس ایم ڈی کے کیبل بھی جل گئے،کرونا کے وار بھی جاری

پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر غیریقینی صورتحال کے بادل منڈلانے لگے۔ پی ایس ایل کے آغاز سے ایک روز قبل نیشنل اسٹیڈم کراچی کا کمنٹری باکس آتشزدگی کے باعث جل کر خاکستر ہوگیا۔

دوسری جانب پی ایس ایل میں شریک  کھلاڑیوں، پی سی بی حکام ،ہوٹل اور گراونڈ اسٹاف پر کرونا وبا کے حملوں میں بھی تیزی آگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل7:وزیراعظم کا  افتتاحی پیغام  کیسے لیک ہوا؟

پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے ترانے نے دھوم مچا دی

NSK-fire-psl, پی ایس ایل7

میڈیا رپورٹس کے مطابق  نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کے لیے خصوصی طور پرقائم کردہ  کمنٹری باکس میں آتشزدگی کا واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ویلڈنگ کے دوران پیش آیا۔آتشزدگی کے نتیجے میں کمنٹری باکس مکمل تباہ ہوگیا جبکہ آگ بجھانے کے دوران  پانی جانے سے  باؤنڈری پر نصب ایس ایم ڈی کے کیبل کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔

نیوز ویب سائٹ ٹائمزآف کراچی نے نیشنل اسٹیڈیم میں آتشزدگی کے بعد کی وڈیو جاری کی ہے جس میں گراؤنڈ کے عملے کو بحالی کے کاموں میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ کل سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن کے ابتدائی 15 میچز کی میزبانی نیشنل اسٹیڈیم کراچی نے کرنی ہے۔

ادھر پی ایس ایل 7 میں شریک کھلاڑیوں ،ٹیم آفیشلز ، پی سی بی حکام، ہوٹل اور گراؤنڈ  کے عملے پر کرونا کے وار تیزی سے جاری ہیں۔پشاور زلمی کے دو اہم کھلاڑیوں کامران اکمل اور ارشد اقبال کے بعد  کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم بھی کرونا کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ تینوں افراد نے خود قرنطینہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب آخری پی ایس ایل کھیلنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شاہد آفریدی بھی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں۔اے آر وائی  سے وابستہ اسپورٹس رپورٹر شعیب جٹ  کے مطابق شاہد آفریدی کمر کی تکلیف کے باعث  ابتدائی کچھ میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب پشاور زلمی نے  کامران اکمل اور ارشد اقبال کی جگہ امام الحق اور عماد بٹ کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق امام الحق پشاور زلمی کے ابتدائی 15کھلاڑیوں میں شامل نہیں تھے تاہم متبادل کھلاڑیوں میں شامل سلمان علی آغا اور مصدق احمد کی عدم دستیابی کے باعث انہیں عمیر بن یوسف  کے ساتھ  ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے

تاہم پی سی بی نے  سلمان آغا اور مصدق احمد کی عدم دستیابی کی وجوہات جاری نہیں کی ہیں۔پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ  ہر ٹیم کو زیادہ سے زیادہ 20 کھلاڑی  رکھنے کی اجازت ہے جبکہ  کرونا سے متاثرہ کھلاڑی صحتیابی کے بعد تکنیکی کمیٹی کی منظوری سے ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ  پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو پی ایس ایل کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترمیم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ  کسی ٹیم کے کم ازکم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔

 ترمیم شدہ رولز  کےمطابق کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ نے کی صورت میں مذکورہ ٹیم ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت سے ریزرو پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کرسکتی ہے۔

قوانین کے مطابق اگر کوئی ٹیم  کرونا  کے حملے کے باعث پلیئنگ الیون ترتیب دینے میں ناکام ہوجاتی ہے تو اس کے لیے رولز میں ضرورت کے مطابق نرمی کردی جائے گی۔پی ایس ایل 7کا پہلا میچ کل بروز جمعرات شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں  دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر