اسکوئیڈ گیم کے بعد ایک اور کورین سیریزکی نیٹ فلکس پر دھوم

اسکوئیڈ گیم کے بعد ایک اور کورین سیریز نے نیٹ فلکس پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے صارفین کو اپنے سحر میں جکڑلیا۔
کورین ٹیلی ویژن سیریز پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے ناظرین کے دلوں میں تیزی سے جگہ بناتی جارہی ہیں ۔
یہ بھی پڑھیے
نیٹ فلکس کی اسکوئیڈ گیم نےکئی غیر معروف لوگوں کو مشہور کردیا
کیا کورین فلم انڈسٹری ہالی وڈ کوپیچھے چھوڑ دے گی ؟
مشہور زمانہ اسکوئیڈ گیم کے بعد آدم خوروں کے موضوع پر بننے والی کورین ویب سیریز” آل آف اس آر ڈائیڈ “نیٹ فلکس کے اسٹریمنگ چارٹس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگئی ہے۔
فلکس پیٹرول کے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق 28 جنوری کو ریلیز ہونے کے بعد سے ہارر سیریز 25 ممالک میں پہلے نمبر پر آ چکی ہے۔ سیریز کے ڈائریکٹر لی جائی کیو نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ”مجھے واقعی اس ساری محبت پر یقین نہیں آرہا جو اس سیریز کو دنیا بھر سے ملی ہے ،میرے خیال میں یہ محبت تمام اداکاروں اور عملے کے دیگر ارکان کے لیے ایک بہت بڑی راحت کا باعث ہے جنہوں نے خود کو دو سال تک اس منصوبے کیلیے وقف کیے رکھا۔
ویب سیریز کی کہانی زومبیز کے حملے کے بعد ہائی اسکول میں پھنسے طالبعلموں کے گرد گھومتی ہے۔ یہ سیریز ویب ٹون”ناؤ ایٹ اَور اسکول “ پر مبنی ہے تاہم ہدایت کار کے مطابق دیکھنے والوں کو یہ سیریز اصل سے خاصی مختلف لگے گی۔
ویب سیریز کو 18 سال سے زائد العمر افراد کے دیکھنے کے قابل قرار دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ سیریز نے تقریباً سات مختلف وجوہات کی بنا پر 18پلس کی میچورٹی ریٹنگ حاصل کی ہے جواسکوئیڈ گیم اور ہیل باؤنڈ سے سے ایک یا دو درجے زیادہ ہے ،انہوں نے بتایا کہ زومبیز کی صحیح منظر کشی کیلیے ظالمانہ اور پرتشدد مناظر ضروری تھے اس وجہ سے سیریز کو 18 پلس کی میچورٹی ریٹنگ ملی ہے۔
اسکوئیڈ گیم کے بعد ایک اور کورین ویب سیریز میں پاکستانیو ں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی صارفین کی بڑی تعداد زبان سے نابلد ہونے کے باوجود کوریائی ڈراموں میں دلچسپی لے رہی ہے اور کورین ڈرامہ نگارپاکستانی صارفین کو متوجہ کرنے میں خاصی حد تک کامیاب رہے ہیں۔
واضح ہے کہ اس سے قبل کورین ویب سیریز اسکوئیڈ گیم نے بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کے نیٹ فلکس صارفین میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کی تھی۔









