شعیب اختر کا شاہد خان آفریدی کو آرام کرنے کا مشورہ

گذشتہ روز کمر کی انجری کی وجہ سے بوم بوم آفریدی نے پی ایس ایل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔  

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے شاہد خان آفریدی کی چٹکی لیتے ہوئے اُنہیں عمر کے اِس حصے میں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا ہے کہ "آرام کریں لالہ۔ اس عمر میں یہ عشق نہیں آسان۔”

یہ بھی پڑھیے

کمر کی انجری ، بوم بوم آفریدی پی ایس ایل 7 سے دستبردار ہو گئے

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم ‘ٹک ٹاک’ پر آگئی

بوم بوم آفریدی کی سائڈ لیتے ہوئے پیشے سے ڈاکٹر سعدیہ کا کہنا ہے کہ "کیا عمر؟؟؟ یہ شاہد آفریدی کا طبی مسئلہ ہے! اس کا اُن کی عمر سے کچھ لینا دینا نہیں ہے !!! وہ کھیل میں مزاحمت کی علامت ہیں کیا ہوا اگر وہ ابھی وہ طبی مسئلے سے دوچار ہیں۔ آپ بہتر جانتے ہیں اس لیے براہ کرم اپنے الفاظ کے ساتھ انصاف کریں!!!!

ڈاکٹر سعدیہ نے مزید لکھا ہے کہ "لالہ ہمیشہ کی طرح جوان ہے ، ہم نے کل رات ہی ان کی کارکردگی دیکھی!۔”

ڈاکٹر سعدیہ کو ٹیگ کرتے ہوئے سلیمان طارق خٹک نے کہا ہے کہ”وہ 46 برس کے ہو گئے ہیں۔”

ایک اور ٹوئٹر صارف اسد اللہ نے نصیحت کے انداز میں پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” یہ دونوں سپر اسٹار ہیں۔ ان کا اسٹیٹس برابر ہے۔ اسٹار آپس میں باتیں کر رہے ہیں آپ اس طرح کمنٹس نہ کریں یہ ان کا آپس کا تعلق ہے.”

واضح رہے کہ دنیائے کرکٹ میں بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور شاہد خان آفریدی نے اپنی کمر کی انجری کی وجہ سے گذشتہ ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ سیزن سیون سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے نام پیغام میں شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ "میرا یہ پیغام اپنے ان چاہنے والوں کے لیے ہے ، میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ، خاص طور پر ان مداحوں کے لئے جنہوں نے میرے کیریئر کے دوران مجھے سپورٹ کیا ہے۔ میرے مداح ہی میری طاقت رہے ہیں۔

بوم بوم آفریدی نے کہا ہے کہ "میرے مداح میرے لیے اسی طرح اہم ہیں جیسے میری فیملی میرے لیے اہم ہے۔”

انہوں نے کہا "میں کوشش کررہا تھا کہ پی ایس ایل کو اچھے نوٹ پر ختم کروں ، لیکن میری لوئر بیک انجری کوئی 15 سال پرانی ہے ، اسی انجری کے ساتھ کھیل رہا تھا میں۔ وہ انجری اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ میری کلائیوں ، میری کمر اور میرے پاؤں کی انگلیوں تک بہت زیادہ درد ہوتا ہے ، اس درد کو جس طرح میں برداشت کرکے لے کر چل رہا تھا ، اب وہ ناقابل برداشت ہو گئی ہے۔”

شاہد آفریدی کا اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہنا ہے کہ "صحت ہے تو سب کچھ ہے ، پی ایس ایل کے بعد دو سے تین ماہ کا گیپ ہے ، پھر کشمیر پریمیئر لیگ شروع ہو جائے گی ، میں چاہ رہا تھا کہ پی ایس ایل اچھے نوٹ پر ختم ہو مگر برداشت کی ہمت ختم ہو گئی ہے۔

ندیم عمر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ "میں ندیم عمر صاحب کو بہت شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے ہر سطح پر مجھے سپورٹ کیا ، اور میں معذرت بھی کروں گا کہ میں پی ایس ایل مزید نہیں کھیل پارہا۔ اپنے مداحوں کی سپورٹ سے آخری پی ایس ایل کھیلنا چارہا تھا۔ میں دوبارہ ری ہیب کرنے کی کوشش کروں گا، پھر ان شاء اللہ اپنے مداحوں کے سامنے آؤں گا۔

شاہد خان آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں مداحوں سے درخواست کی ہے کہ آپ سب لوگ مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

متعلقہ تحاریر