ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پرخچے اڑا دیئے، 117 رنز سے کامیاب
سلطانز نے گلیڈی ایٹرز کو 246 رنز کا ہدف دیا، جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی، رائلی روسو کے 26 گیندوں پر 71 رنز۔

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، 246 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کپتان محمد رضوان نے صرف 54 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست رہتے ہوئے 83 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیے
ہنزہ میں لڑکیوں کا آئس ہاکی میچ ، کینیڈین ہائی کمشنر ریفری بن گئیں
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، سیمی فائنل میں پاکستان کو جنوبی کوریا کے ہاتھوں شکست
رائلی روسو نے صرف 26 گیندوں پر 71 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، انہوں نے 9 چوکے اور 4 چھکے بھی لگائے۔
اوپنر شان مسعود نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز بنائے۔
کوئٹہ کی ٹیم سلطانز کی وکٹیں لینے میں بھی کامیاب نہ ہوسکی، مقررہ 20 اوورز میں صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
246 رنز ہدف حاصل کرنے کیلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی، عمر اکمل نے 23 گیندوں پر 6 چھکے اور 2 چوکے لگا کر 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
جیسن رائے 19 گیندوں پر 7 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 38 رنز بنا سکے۔
ان دو بلے بازوں کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہیں پیش کرسکا۔
ملتان سلطانز کے آصف آفریدی، ڈیوڈ ولی، شاہنواز دھانی اور خوشدل شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمران طاہر نے ایک وکٹ لی۔
پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ رائلی روسو کے حصے میں آیا جنہوں نے صرف 26 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔









