سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے معیشت پر مثبت اثرات
5ہفتے بعد ڈالر کی اڑان رک گئی،انٹربینک میں 2روپے58پیسے کمی سے ڈالر 186.60روپے کا ہوگیا،اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز،44ہزار پوائنٹس کی حد بحال

سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے معیشت پر مثبت اثرات نمودار ہونا شروع ہوگئے۔ گزشتہ 5ہفتے سے بے قابو ڈالر قابو میں آنے لگا۔ گرتی ہوئی اسٹاک مارکیٹ بھی سنبھلنا شروع ہوگئی۔
رواں ہفتے سیاسی ابتری اور غیریقینی کی صورتحال کے باعث گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر بےقابو ہوکر2روپے 22پیسے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 189 روپے تک پہنچ گیا تھا جبکہ اسٹاک مارکیٹ بھی 44 ہزار پوائنٹس کی حد گنوا بیٹھی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
ٹویوٹا نے رواں سال 7 ہزار332 گاڑیاں بیچ کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا
مارچ 2022 میں سیمنٹ کی فروخت میں 6.25 فیصد کمی کا سامنا
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے بعد آج کاروبا ر کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 5ہفتے بعد کمی دیکھنے میں آئی۔ 2 روپے58پیسے کی کمی سے انٹربینک ڈالر 186 روپے60 پیسے پر ٹریڈ کررہا ہے۔ یاد رہے جمعرات کو ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 188.18 پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے۔677پوائنٹس کے اضافے سےہنڈرڈ انڈیکس 44ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔کرنٹ انڈیکس میں 44ہزار464 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار جاری ہے۔









