انتخابی اصلاحات کا معاملہ ، اسپیکر کا عمران خان سمیت دیگر پارلیمانی رہنماؤں کے نام خط
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خط میں پارلیمانی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ سات روز کے اندر اپنی نامزدگیاں قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کو ارسال کردیں۔
حکومت نے انتخابی اصلاحات اور موجودہ قانون میں ترمیم کی تیاری شروع کردی ہے اس حوالے سے پہلے مرحلے میں انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی ہوگی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں تمام پارلیمانی رہنماؤں کے نام خط تحریر کرکے ان سے مجوزہ کمیٹی کے لئے نامزدی بھیجنے کو کہا ہے۔
راجہ پرویز اشرف کی جانب سے لکھے گئے خط میں پارلیمانی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ سات روز کے اندر اپنی نامزدگیاں قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کو ارسال کردیں۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب میں آئینی بحران شدت اختیار کرگیا، وزیراعلیٰ کون حمزہ شہباز یا عثمان بزدار؟
الیکشن کمیشن کی نااہل ملازمین پر نوازشات،بھاری عیدالاؤنس دینے کااعلان
اسپیکر قومی اسمبلی نے خط میں لکھا ہے کہ قومی اسمبلی نے رواں برس 16 اپریل کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 244 (B) کے تحت تحریک منظور کی تھی جس میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا کہا گیا تھا۔
جو الیکشن اصلاحات میں خامیوں کا جائزہ لینے اور گزشتہ انتخابات اور انتخابی اصلاحات کے لیے سفارشات پیش کرے گی تاکہ آئندہ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ خطوط قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنما عمران خان، ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، ایم ایم اے پی کے اسعد محمود ، پاکستان مسلم لیگ نواز کےخواجہ محمد آصف ،بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سردار محمد اختر مینگل،عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر ہوتی، پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری،جی ڈی اے کے غوث بخش خان مہر ، جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ شاہ زین بگٹی ،عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد ،پاکستان مسلم لیگ ق کے چوہدری طارق بشیر چیمہ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خالد حسین مگسی کے نام ارسال کئے گئے ہیں۔









