کمالیہ میں ٹرانسفارمرز کی چوری کا سلسلہ جاری، پولیس خاموش تماشائی بن گئ

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر کوئی سوئی سلائی نہیں کہ چور آئے اور لے کر چلے گئے ، صاف لگ رہا ہے کہ محکمے کے لوگ چوروں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

کمالیہ کے نواحی علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمرز کی چوری کا سلسلہ نہ تھم سکا ، چیچہ وطنی روڈ ویروآنہ کے قریب مین روڈ پر لگا ٹرانسفارمر بھی چور لے اڑے۔

تفصیلات کے مطابق کمالیہ شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں سے آئے روز ٹرانسفارمر چوری ہونے سے کسان شدید اذیت کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

قصور پولیس کی بروقت کارروائی ، 6 سالہ بچی کا قاتل گرفتار

پاکپتن: ن لیگ کے ایم پی اے کے والد قتل ، مقدمہ سابق گن مین کے خلاف درج

گذشتہ روز رات کی تاریکی میں نواحی علاقہ موضع ویروآنہ نیاز پمپ کے قریب مین روڈ پر ظفر خان کی زمین میں لگا بجلی کا ٹرانسفارمر نامعلوم چور لے اڑے۔

پولیس کو اطلاع و درخواستیں بھی دی گئیں لیکن بجلی کا ٹرانسفارمر چوری کرنے والے ملزمان اور مسروقہ ٹرانسفارمر کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ میں سرگرم بجلی ٹرانسفارمر چور گروہ کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور چوری کیے گئے بجلی کے ٹرانسفارمر برآمد کر کے انکے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔

تاہم سماجی اور سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے بجلی کا ٹرانسفارمر کوئی سوئی سلائی تو ہے نہیں کہ چور آئے اور چوری کر کے لے گئے ، ٹرانسفارمر کو اتارنے اور لگانے کے لیے کرین کی ضرورت پیش آتی ہے، اس کا واضح مطلب ہے کہ ٹرانسفارمر چوری نہیں ہوئے اور اگر چوری ہو بھی رہے ہیں تو اندر کے لوگ چوروں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر ٹرانسفارمر چوری ہوئے ہیں تو پھر وہ کون سے چور بازار میں فروخت کیے گئے ہیں ، اس پر پولیس کو حرکت میں آنا چاہیے ، کیونکہ ٹرانسفارمر ایک اچھی خاصی جسامت رکھنے والی چیز ہے۔ دوسری جانب محکمہ واپڈا کی جانب سے بھی ایسے حفاظتی اقدامات کیے جانے چاہئیں کہ ٹرانسفارمر چوری نہ ہوسکیں۔اور کسان سیزن میں پریشان سے بچ سکیں۔

متعلقہ تحاریر