دنیا کے واحد غیر ویکسین شدہ ملک شمالی کوریا میں پہلا کرونا کیس رپورٹ
پیانگ یانگ میں مریضوں میں اومی کرون کی ذیلی قسم بی اے 2 کی تصدیق، دنیا کے واحد غیر ویکسین شدہ ملک میں انسانی المیہ جنم لینے کے خدشات بڑھ گئے،ملک میں ہنگامی لاک ڈاؤن نافذ

شمالی کوریا نے پہلے کورونا کیس کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد دنیا کے واحد غیر ویکسین شدہ ملک میں انسانی المیہ جنم لینے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ملک میں ہنگامی لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
کورین سنٹرل نیوز ایجنسی نے کورونا کیس کی تصدیق کردی ہے تاہم تصدیق شدہ کیسز کی تعداد کی وضاحت نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیے
سری لنکا، احتجاجی مظاہروں میں 7 شہری ہلاک، فوج کو خصوصی اختیارات تفویض
امریکی دھمکی نظرانداز، بھارت روس سے سستا ترین تیل خرید رہا ہے
سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے پیانگ یانگ میں بخار میں مبتلا مریضوں سے لیے گئے نمونوں میں کورونا وائرس کے اومی کرون کرونا وائرس کی ایک ذیلی قسم بی اے 2 کا سراغ لگایا ہے ۔
شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے ملک کے تمام شہروں اور قصبات کی انتظامیہ کو اپنے علاقے مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔جس کے ساتھ فیکٹریاں اور کاروبار بند کردیے گئے ہیں اور لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں ۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا دنیا کا واحد غیر ویکسین شدہ ملک ہےجس نے اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ عالمی ویکسی نیشن پروگرام کی جانب سے ویکسین کی فراہمی کی متعدد پیشکش کو کئی مرتبہ مسترد کیا ہے ۔ امدادی کارکنوں نے متنبہ کیا ہے کہ شمالی کوریا کو اپنے خستہ حال نظام صحت کے پیش نظر کورونا وائرسکا پھیلاؤ روکنے کیلیے جدوجہد کرنا ہوگی۔
سیئول میں ہیلپنگ ہینڈز کوریا کی تنظیم چلانے والے عیسائی امدادی کارکن ٹم پیٹرز نے کہاہے کہ شمالی کوریا کا طبی نظام قدیم، نازک اور کسی بڑی وبا سے نمٹنے کی صلاحیت سے کافی حد تک محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ 40 فیصد آبادی کو خوراک کی امداد کی ضرورت ہے۔شمالی کوریا کے کم از کم 11 ملین شہری کمزور مدافعتی نظام سے دوچار ہیں ۔
خیال رہے کہ 2020 میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کے آغاز کے بعد سے شمالی کوریا کی حکومت کی جانب سے سرحدوں پر سخت پابندی عائد ہےاور اب تک ملک میں کسی کورونا کیس کے سامنے آنے کی تصدیق بھی نہیں کی تھی۔









