شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان منشیات کیس میں کلیئر قرار
ایجنسی کو آریان خان اور دیگر پانچ افراد کے خلاف خاطر خواہ ثبوت نہیں مل سکے،سینئر این سی بی افسر سنجے کمار سنگھ

بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کے کیس میں کلیئر قرار دیدیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال ممبئی میں کروز شپ پر چھاپے کے دوران گرفتار کیے گئے آریان خان کو این سی بی کی طرف سے جاری کردہ چارج شیٹ میں بطور ملزم نامزد نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کروز شپ منشیات کیس، آریان خان ضمانت پر آرتھر جیل سے رہا
احکامات کی خلاف ورزی پر آریان خان کو دوبارہ جیل جانا ہوگا
اس حوالے سے سینئر این سی بی افسر سنجے کمار سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آریان اور موہک کے علاوہ تمام ملزمان کے پاس سے منشیات ملی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایجنسی کو آریان خان اور دیگر پانچ افراد کے خلاف خاطر خواہ ثبوت نہیں مل سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 2 اکتوبر کو بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے قریب کروز شِپ پر چھاپہ مار کر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔
نارکوٹک کنٹرول بیورو نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ آریان خان منشیات کا باقاعدہ استعمال کنندہ اور سپلائی کرنے والا ہے۔آریان خان نے منشیات کیس میں گرفتار ہونے کے بعد28 دن جیل میں گزارے تھے۔ آریان خان کو گزشتہ برس 30 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔









