پنجاب کے ضمنی انتخابات: عمران خان اور مریم نواز کی عید کے دنوں میں انتخابی مہم جاری
17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں جس کی انتخابی کے مہم کے سلسلے میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے رہنما میدان میں اترے ہوئے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے عید کے دنوں میں بھی ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پنجاب کے مختلف شہروں میں اپنی اپنی پارٹی کی انتخابی مہم جاری رکھی ۔ عمران خان نے عید کے دوسرے دن لودھراں میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا جبکہ مریم نواز نے چیچہ وطنی میں عوام کا لہو گرمایا۔
لودھراں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں چوروں کو ہرا کر ان کی سیاست کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھیرہ میں احسن اقبال کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ درست تھا ، یہ لوگ جہاں بھی جائیں گے انہیں لوگ چور اور غدار کہہ کر پکاریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک انصاف کی مقبولیت، ن لیگ کے سرکردہ رہنما اسمبلیوں سے استعفے دینے پر مجبور
ن لیگ سے نوٹ لے لیں پی ٹی آئی کو ووٹ دے دیں، عمران خان
شہباز شریف پر تنقید کے تیر چلاتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا اعتماد یہ ہے کہ وہ گورے کو دیکھ لیتا ہے تو فوراً اس کے پاؤں میں گِر جاتا ہے ، شہباز شریف لیڈر نہیں بھکاری ہے۔
آصف علی زرداری پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کاکہنا تھا سندھ میں 14 سال سے ڈاکو زرداری بیٹھا ہوا ہے ، کون سی طاقت تھی جو اسے سزا دینے سے روکتی تھی۔ میں نے پوری کوشش کی کہ ان کا احتساب کیا جائے ، ان کو سزا دی جائے ، جن کے پاس طاقت تھی مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے وہ چوری کو اتنا برا نہیں سمجھتے تھے۔ نواز شریف نے زرداری کے ساتھ ملکر ملک کو مفلوج بنایا۔
الیکشن کمیشن پر الزام لگاتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا چیف الیکشن کمشنرحمزہ کےقدموں میں بیٹھ کرالیکشن چوری کرانےکی کوشش کر رہا ہے ، لاہور میں ایک مسٹر ایکس بیٹھا ہے جو الیکشن کمیشن کےساتھ مل کردھاندلی کرا رہا ہے مسٹر ایکس کو سب جانتے ہیں ۔
دوسری جانب چیچہ وطنی میں خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک پر مسلط کی گئی بلا ٹل گئی ہے، جتنے مشکل فیصلے کرنے تھے کیے جاچکے اب اچھا وقت آنے والا ہے ۔
چیئرمین تحریک انصاف لفظوں کو حملہ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں فتنہ خان کی وجہ سے حکومت کو بڑھانا پڑیں ، مگر اب وزیراعظم شہباز شریف جلد عوام کو بڑا ریلیف دینے والے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے مشکل فیصلے کیے اب ہم ہی عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا مہنگائی ہوئی تو ہم گھروں میں چھپ کر نہیں بیٹھے ، میاں نواز شریف نے اپنی بیٹی کو آپ کے پاس بھیجا اور ہدایت کی کہ میں آپ کو بتاؤں کے ہم تکلیف میں آپ کو چھوڑیں گے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ دیر پہلے فتنہ خان بھی یہاں آیا تھا مگر مجھے پتا چلا کہ چیچہ وطنی نے فتنہ خان کو ریجیکٹ کردیا ہے لیکن یہ کمال منافق شخص ہے جس کے روز میڈیا پر اعمال نامے کھلتے ہیں، اس کی کرپشن کے قصے کھلتے ہیں مگر مجال ہے کہ کبھی مڑ کر اس نے جواب دیا ہو۔
واضح رہے کہ 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونے جارہےہیں جس کی انتخابی مہم کے سلسلے میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کی قیادت اپنی اپنی پارٹی کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔