پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا عوام کو احتجاج کی کال دینے کا فیصلہ
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے الیکشن کی تاریخ نہ دی تو احتجاج کی فائنل کال دیں گے، کارکنان فائنل کال کا انتظار کریں۔
پاکستان تحریک انصاف نے قبل از وقت عام انتخابات کی تاریخ نہ ملنے پر عوام کو احتجاج کی کال دینے کا فیصلہ کیا ہے، فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عوام حتمی کال کا انتظار کریں، ملک انتخابات کی طرف ضرور جائے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کی اعلی قیادت شریک ہوئی جس میں اتنخابات کے معاملے پر عوام کو احتجاج کی کال دینے سے متعلق معاملہ زیر بحث آیا۔
یہ بھی پڑھیے
میری مارچ کی ڈیڈ لائن قریب آرہی ہے ، عمران خان کا حکومت کو انتباہ
اداروں میں موجود لوگ لاڈلے کو تحفظ دینا چھوڑ دیں، مریم نواز کا سنگین الزام
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ فوری انتخابات ہی ملک کے مفاد میں ہیں اس لیے فوری طور پر اتنخابات کی طرف جایا جائے، اگر حکومت نے الیکشن کی تاریخ نہ دی تو عوام کو احتجاج کی کال دی جائے گی۔
اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سب سے پہلے ہم نے سیلاب کی تباہ کاریوں کا ذکر کیا، پنجاب اور کے پی گورنمنٹ سیلاب سے اچھے طریقے سے نمٹی ہے، سیلاب سے نمٹنے کے لیے ثانیہ نشتر اور دیگر کو آگاہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسٹریٹ کرائم کا ریٹ بڑھ گیا ہے، ملک کے بڑے شہروں میں ڈاکے پڑ رہے ہیں۔ پاکستان میں فیکٹریاں بند ہورہی ہیں اور 10 لاکھ لوگ اگلے چند ماہ میں بے روزگار ہو جائیں گے، پہلے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا اور اب معاشی عدم استحکام پیدا کیا جا رہا ہے، وزیر خزانہ نے بھی سوائے رونے کے ابھی تک کچھ نہیں کیا۔
فواد چودھری نے کہا کہ مذہب کے حوالے سے عمران خان کے خلاف جو کیمپین چلائی گئی اس پر بھی ایکشن لینے کی بات ہوئی، علما کا شکریہ کرتے ہیں جنہوں نے اس پر آواز اٹھائی، ہماری جو کیمپین ہے وہ عوام کے حوالے سے ہے، جو اس وقت پاکستان میں سیاسی استحکام ہے وہ ٹھیک ہونا چاہیے، پورے ملک میں ہماری تنظیموں کو کال دے دی ہے، وہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے الیکشن کی تاریخ نہ دی تو احتجاج کی فائنل کال دیں گے، کارکنان فائنل کال کا انتظار کریں، انشااللہ ملک انتخابات کی طرف جائے گا، پاکستان تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔