آڈیو لیک سنجیدہ معاملہ ہے مکمل تحقیقات ہوں گی، شہباز شریف
وزیراعظم کا کہنا ہے آڈیو لیک بہت سنجیدہ نوعیت کی کوتاہی ہے تحقیقات کے لیے ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے ، سیلاب کی شکل میں ہمیں ناکردہ گناہوں کی سزا ملی ہے ۔ آڈیو لیک سنجیدہ نوعیت کا لیپس ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا جنرل اسمبلی سے خطاب میں سیلاب ، کشمیر اور فلسطین پر بھرپور موقف پیش کیا۔ بلاول بھٹو کی بھرپور معاونت اور کوششیں شامل تھیں ، پاکستان تنہائی کے دور سے نکل آیا ہے ، سابقہ دور میں تنہائی سے پاکستان کو شدید نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیے
وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
لیگی رہنما اسحاق ڈار نے بالآخر بطور سینیٹر اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا
شہباز شریف کا کہنا تھا پچھلی حکومت نے خارجہ پالیسی کا بیڑہ غرق کردیا ، پچھلی حکومت نے برادرز ممالک کو ناراض کیا جس کا میں خود عینی شاہد ہوں ، دوست ممالک نے جو الفاظ مجھے کہے وہ دہرائے نہیں جاسکتے۔ پچھلی حکومت کے سربراہ خود کو عقل کل سمجھتے تھے ۔ پچھلے حکومت کے سربراہ سے متعلق جو باتیں دوست ممالک نے کیں وہ بتا دوں تو آپ کو پسینہ آ جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا امریکی صدر سے ملاقات میں سیلاب پر امریکی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا ایس سی او کانفرنس میں ہم نے تمام پہلوؤں کو اجاگر کیا ، پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بات چیت ہوئی ، ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے مظالم اور نارواسلوک کی بھرپور مذمت کی گئی ، دنیا کو بتایا گیا کہ ہندوستان مسلمانوں کے ساتھ کیسے ظلم کررہا ہے ، بھارت نے یکطرفہ طور پر 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔
آڈیو لیک پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا آڈیو لیک سنجیدہ نوعیت کا لیپس ہے ، ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جو اس معاملے کی تہہ تک جائے گی۔ سیکورٹی لیپس بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ایسی کوتاہی ہو گی تو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے لیے کون آئے گا۔؟
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اللہ کے فضل سے دشمن ہماری جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ، پچھلی حکومت نے معیشت کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا تھا ، ہم قطرہ قطرہ جوڑ کر مسائل حل کررہے ہیں۔









