فوج سیاست سے دور ہوچکی اور دور ہی رہنا چاہتی ہے،2ماہ بعد ریٹائر ہوجاؤں گا، آرمی چیف
لاغر ملکی معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، مضبوط معیشت کے بغیر کوئی سفارت کاری نہیں ہو سکتی، جنرل قمر جاوید باجوہ کی واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ظہرانے پر گفتگو

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج خود کو سیاست دور کرچکی اور دور ہی رہنا چاہتی ہے،دو ماہ بعد عہدے کی دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہوجاؤں گا۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ظہرانے سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عہدے کی مقررہ مدت پوری ہونے پر ریٹائرمنٹ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ماہ بعد دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاؤں گا۔
یہ بھی پڑھیے
آرمی چیف کا دورہ واشنگٹن کا دورہ، پاک امریکا تعلقات کی نئی جہت
سرد تعلقات میں گرم جوشی آنے لگی، امریکی صدر سے پاکستانی سفیر کی ملاقات
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج خود کو سیاست سے دُور کرچکی اور دور ہی رہنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاغر ملکی معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گی۔ مضبوط معیشت کے بغیر کوئی سفارت کاری نہیں ہو سکتی۔
دریں اثنا پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ امریکا کے دوران سیکریٹری دفاع جنرل (ر) لائیڈ جیمز آسٹن (III)، مشیر قومی سلامتی جیکب جیرمیا سلیوان اور ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ وینڈی روتھ شرمن سے ملاقاتیں کی ہیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورت حال سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پرگفتگو کی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقاتوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر امریکی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عالمی شراکت داروں کی جانب سے کی گئی مدد پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے اہم ہوگی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی جانب سے اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی طویل تاریخ ہے اور اقتصادی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے بہتری کو جاری رکھا جائے گا۔
علاوہ ازیں آرمی چیف نے فلوریڈا میں سمندری طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متاثرین کے خاندانوں کے نقصان اور درد کو بخوبی سمجھتا ہے کیوں کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اسی طرح کے اثرات کا سامنا کررہا ہے۔









