سنیما مالکان کی بدمعاشی، دی لیجنڈ آف مولاجٹ دکھانے سے انکار، پروڈیوسر کی اہم اپیل

70 فیصد سنیماز کا فلم نہ دکھانا ظالمانہ اقدام ہے، حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں، پھر کہتے ہیں سافٹ امیج دکھاؤ، ہدایت کار وجاہت رؤف پھٹ پڑے، عمارہ حکمت اور نبیل قریشی کی فلم کے وڈیو کلپس سوشل میڈیا کی زینت نہ بنانے کی اپیل

کراچی سمیت ملک کے بڑے سنیما مالکان بدمعاشی پر اتر آئے، پاکستان کی سب سے بڑی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھادیا۔متعدد سنیما ز میں فلم کی نمائش تاحال شروع نہ ہوسکی۔مفاد پرست سنیما مالکان کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

دوسری جانب معروف فلمساز و ہدایت کارعمارہ حکمت اور نبیل قریشی نے  سنیماز کا رخ کرنے والے ناظرین سے فلم کی وڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی اپیل کردی۔

یہ بھی پڑھیے

دی لیجنڈ آف مولا جٹ بلاک بسٹر فلم قرار،پہلے دن کمائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

دی لیجنڈ آف مولاجٹ آج ریلیز ہوگی، پریمیئر میں حمزہ عباسی کی عدم شرکت

 

 

معروف  ہدایت کارو فلمساز وجاہت رؤف  نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ہے کہ 70 فیصد سنیماز’دی لیجنڈ آف مولاجٹ ‘نہیں دکھارہے، یہ مضحکہ خیز، افسوسناک اور ظالمانہ اقدام ہے جبکہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر کیچڑاچھالنے میں مصروف ہیں جو ظاہر کرتا ہے کہ انہیں فن سے کوئی دلچسپی  نہیں ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Wajahat Rauf (@wajahatraufofficial)

وجاہت رؤف نے کہاکہ اگر فوری طور پر قواعد نہ بنائے گئے تو ہمارا سنیما دوسری مرتبہ تباہ ہوجائے گا، پھر کہتے ہیں سافٹ امیج پروموٹ کرو۔

عرب نیوز سے وابستہ شوبز رپورٹر اور اسکرین رائٹر مہوش اعجاز نے ٹوئٹر صارفین کے سنیماز میں فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ نہ دکھانے کی شکایات اپنے ٹوئٹ میں شیئر کرتےہوئے لکھاکہ کیا یہ مسئلہ بھی جلد از جلد حل ہو سکتا ہے؟ فلم بہت سے سینما گھروں میں نہیں چل رہی ۔ کراچی کے سینما گھروں کا ایک بڑا حصہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ نہیں دکھارہا اور اسلام آباد سے بھی  ملتے جلتے تبصرے آرہے ہیں، جو بھی مسئلہ ہے.

مہوش اعجاز نے مزید لکھا کہ امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا، یہ فلم اب عوام کیلیے قابل رسائی ہونے چاہیے۔

دوسری جانب فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت  نے فلم بینوں سے فلم کی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی اپیل کردی۔عمارہ حکمت نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ  برائے مہربانی فلم کا کوئی کلپ سوشل میڈیا یا یوٹیوب پر شیئرنہ کریں۔آپ نہ صرف دوسروں کے فلم کے تجربے کو برباد کررہے ہیں بلکہ  فلم کے ممکنہ کاروبار کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ہدایت کار نبیل قریشی نے  بھی عمارہ حکمت کی تائید کرتے ہوئے لکھا کہ بالکل! یہ ایک معمول بن گیا ہے، اگر آپ کو فلم پسند ہے! پوسٹر یا تصویر شیئر  کریں لیکن انسٹاگرام یااسنیپ چیٹ پر کلپس شیئر نہ کریں اور براہ کرم فلم کے دوران اپنے انسٹا یا اسنیپ اسٹوری پر ویڈیوز کو ریکارڈ کرنا معمول کی بات نہ سمجھیں۔ یہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔

واضح رہے کہ فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی ریلیز کے ساتھ ہی اس کے کلائمکس سمیت  متعدد مناظر یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر شیئر کیے جارہے ہیں جس  کے باعث اب تک فلم نہ دیکھنے والے ناظرین کا  مزہ کرکرا ہورہا ہے۔

متعلقہ تحاریر