یہ تاثر غلط ہے کہ ہمارے نزدیک ضمنی انتخابات کی کوئی اہمیت نہیں، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ کا کہنا ہے امریکی صدر کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے امریکی سفیر کو ڈیمارش کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے ، امریکی سفیر کو طلب کر کے ڈیمارش دیا جائے گا۔ کہتے ہیں یہ ضمنی انتخابات ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا امریکی صدر جوبائیڈن کا بیان بےبنیاد ہے، جوبائیڈن کا پاکستان اور اس کی جوہری صلاحیت سے متعلق بیان اشتعال انگیز ہے ، امریکی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا، ان کا ڈیمارش بھی دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم شہباز شریف نے کس کے کہنے پر پریس کانفرنس منسوخ کی؟
نون لیگی کارکن عمران مانی بٹ نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو کھلا چیلنج دے دیا
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان پر وزیراعظم سے بات کی ہے ، جوبائیڈن کا بیان حیران کن ہے، امریکا کے ساتھ اپنے تحفظات اٹھائیں گے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا پاکستان اپنی سالمیت کیلئے پُرعزم ہے، جوبائیڈن کو پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر سوال اٹھانے کی بجائے پڑوسی ملک کے پروگرام پر سوال اٹھانا چاہئیں تھے۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا سسٹم محفوظ ہے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا عمران خان حکومت میں آنے سے پہلے کروڑوں نوکریاں دینے کی باتیں کرتے تھے مگر حکومت میں آنے کے بعد لوگوں کے سروں سے چھت تک چھین لی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ عمران خان کیوں لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں۔؟
ضمنی انتخابات کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا الیکشن مہم کے لیے نہیں پہنچ سکا مگر یہ ضمنی اںتخابات ہمارے لیے بہت اہم ہیں ، تاہم میری عوام سے اپیل ہے کہ کورنگی ، ملیر اور ملتان میں تیر پر مہر لگا کر ہمیں کامیاب کرائیں۔ سندھ کی عوام نے جمہوریت کے لیے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ ملیر کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔ ملیر کا نمائندہ ملیر سے ہوگا تو عوام کو فائدہ ہوگا۔









