سال بدل گیا حکومتی رویہ نہیں بدلا: نئے سال میں مہنگائی کی شرح 31.75 فیصد تک بڑھ گئی

عوام کا شکوہ ہے کہ مہنگائی نے نئے سال میں بھی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ، لیکن حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم نہیں ہورہی ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف ملک میں کم اور ملک سے زیادہ باہر وقت گزارتے ہیں۔

سال بدل گیا لیکن مہنگائی کا زور نہیں ٹوٹا ، نئے سال کے دوسرے ہفتے میں بھی مہنگائی 31.75 فیصد بڑھی، عوام کی چیخیں کب حکمران سنیں گے۔

ملک بھر میں مہنگائی کے ہاتھوں عوام کے لیے نئے مالی سال کا دوسرا ہفتہ بھی مہنگائی لے کر آیا۔ رواں ہفتے آٹے ، دالوں ، انڈے ، گوشت ، پیاز اور لہسن سمیت 23 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 0.44 فیصد اضافے کے بعد 31.75 فیصد پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیے

اسٹیٹ بینک نے ڈیجیٹل بینکنگ کیلئے پانچ این او سی جاری کردیئے

پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے یواے ای اور سعودیہ کا بیل آؤٹ پیکیج

ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، ایک ہفتے کے دوران ملک میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 115 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا ، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 115 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا،  جس کے بعد اوسطاً قیمت 2680 روپے ہو گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے لہسن 15 روپے 68 پیسے فی کلو مہنگا ہونے کے بعد ملک میں لہسن کی اوسط فی کلو قیمت 363 روپے 10 پیسے ہو گئی۔

انڈوں کی فی درجن قیمت میں 11 روپے 54 پیسے اضافہ ہوا ، ایک ہفتے کے دوران  دال مسور 4 روپے 30 پیسے ، دال مونگ 10 روپے 37 پیسے ، دال ماش 6 روپے 28 پیسے ، دال چنا 5 روپے 47 پیسے مہنگی ہوئی۔

ٹوٹا باسمتی چاول 5 روپے  ، پیاز 5 روپے 38 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ، حالیہ ہفتے آگ جلانے والی لکڑی ، چینی ، دودھ گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق سال 2023 کے دوسرے ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 87 پیسے کمی  ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اوسط قیمت 56 روپے 13 پیسے ہوگئی۔

آلو 3 روپے 69 پیسے ، زندہ برائلر مرغی 17 روپے فی کلو سستی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

عوام کا شکوہ ہے کہ مہنگائی نے نئے سال میں بھی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ، لیکن حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم نہیں ہورہی ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف ملک میں کم اور ملک سے زیادہ باہر وقت گزارتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر