پاک سوزوکی نے 3ماہ میں چوتھی مرتبہ گاڑیاں مہنگی کردیں
پاک سوزوکی نے ڈیلرز کو جاری کردہ اپنے سرکلر میں کوئی وجہ بتائے بغیر آج سے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 88ہزار سے 2لاکھ 35ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا، آلٹو 29 لاکھ 35 ہزار اور سوئفٹ 49 لاکھ 60 ہزار روپے کی ہوگئی
پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے بدھ کو رواں سال کے 3 ماہ کے دوران گاڑیوں کی قیمتوں میں چوتھی مرتبہ اضافہ کردیا۔
پاک سوزوکی نے ڈیلرز کو جاری کردہ اپنے سرکلر میں کوئی وجہ بتائے بغیر آج سے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 88ہزار سے 2لاکھ 35ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
ہنڈا اٹلس کا پیداوار کی بندش میں مزید 15 روز کی توسیع کااعلان
ہنڈا نے سال میں چوتھی بار گاڑیاں مہنگی کردیں، سوک ایک کروڑ2لاکھ روپے کی ہوگئی
کمپنی کے منیجر تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہائی ڈیمریج چارجز، افراط زر، اوور ہیڈ اخراجات میں اضافہ، معاشی غیر یقینی صورتحال، بین الاقوامی، قومی اور مقامی خام مال اور لوازمات کی قیمتوں میں اضافے، روپے کی ابتر صورتحال اور ایل سیز کا نہ کھلنا کمپنی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس صورتحال نے پاک سوزوکی کے لیے موجودہ فروخت کی قیمتوں کو برقرار رکھنا بہت مشکل بنا دیا ہےلہٰذا ہم قیمتوں میں اضافے کے ذریعے ان منفی اثرات کے انتہائی کم سے کم حصے کو منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔
آلٹو وی ایکس، وی ایکس آر،وی ایکس آر اے جی ایس اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ 7ہزار روپے سے لے کر ایک لاکھ40 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ان ماڈلز کی نئی قیمتیں بالترتیب 22لاکھ 52 ہزار،26لاکھ 12 ہزار،27لاکھ 99ہزار اور 29لاکھ 35ہزار روپے ہوگئی ہیں۔
اسی طرح ایک لاکھ 52 ہزار سے ایک لاکھ 78ہزار روپے اضافے کے بعد ویگن آر وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی نئی قیمتیں بالترتیب 32لاکھ 14 ہزار روپے،34لاکھ 12 ہزار روپے اور 37لاکھ 41 ہزار روپے ہوگئی ہیں۔
اسی طرح کلٹس وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس کی قیمتوں میں بھی ایک لاکھ78ہزار سے 2لاکھ 9 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیاہے جس کےبعد کلٹس کے مذکورہ ماڈلز کی نئی قیمتیں بالترتیب37لاکھ 18 ہزار،40 لاکھ 84ہزار اور 43لاکھ 66ہزار روپےہوگئی ہیں۔
اسی طرح 2لاکھ 4 ہزار روپے سے 2لاکھ 35ہزار روپے تک اضافے کےبعد سوزوکی سوئفٹ جی ایل مینول ٹرانسمیشن ، جی ایل سی وی ٹی اور جی ایل ایکس سی وی ٹی کی نئی قیمت فروخت بالترتیب 42لاکھ56ہزار روپے، 45لاکھ74ہزار روپے اور 49لاکھ 60ہزار روپے ہوگئی ہے۔