سعودی ترقیاتی فنڈ نے مہمند ڈیم کیلیے پاکستان کو 24 کروڑ ڈالر کا قرض دیدیا
سعودی ترقیاتی فنڈ پاکستان کو 41 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے 1.4ارب ڈالر کے فنڈز فراہم کررہا ہے، سیکریٹری محکمہ اقتصادی امور

سعودی ترقیاتی فنڈ نے مہمند ڈیم منصوبے کے لیے پاکستان کو24 کروڑ ڈالر کا قرضہ دے دیا۔
محکمہ اقتصادی امور نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ مہمند کثیر المقاصد ڈیم منصوبے کے لیے سعودی ترقیاتی فنڈ سے 24 کروڑ ڈالر کے قرض سے پاکستان کے توانائی کی ترسیل کے کام میں بہتری آئے گی جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری مضبوط ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے
کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان، ڈالر اور سونا مزید مہنگا
72فیصد کاروباری ادارے ممکنہ ڈیفالٹ کی وجہ سے پریشان ہیں، گیلپ سروے
محکمہ اقتصادی امور نے کہا ہے کہ اس فنڈ سے پاکستان کی توانائی کی حفاظت کو بڑا فروغ ملا ہے، مہمند ڈیم منصوبے کا مقصد خوراک اور پانی کی حفاظت کو بہتر بنانا اور صوبہ خیبر پختونخوا میں سماجی اقتصادی ترقی کو فروغ دیناہے، مہمند ڈیم منصوبہ صاف توانائی اور پانی کی رسائی کو بڑھانے کے لیے پاکستان میں پائیدار ترقی کے مقاصد کی حمایت کرتا ہے۔
محکمہ اقتصادی امور نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی سے چلنے والا مہمندڈیم منصوبہ 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، اس منصوبے سے پائیدار زراعت کو فروغ ملے گا، نئی زمین کو آب پاشی کے قابل بنایا جاسکے گا جس سے زیر کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا۔
سیکریٹری اقتصادی امور نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے سعودی تریقاتی فنڈکی مسلسل حمایت مہمند ڈیم منصوبے کے لیے 24 کروڑ ڈالر کے قرض میں ظاہر ہے، سعودی ترقیاتی فنڈ پاکستان کو 41 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے 1.4ارب ڈالر کے فنڈز فراہم کررہا ہے۔









