پی ایس او دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، 10 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکج منظور

ای سی سی نے پی ایس او کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے 10 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جان میں جان آئی، وفاقی حکومت کو پی ایس او کا خیال آ ہی گیا، وفاقی وزارت خزانہ نے 10 ارب کا پیکج اور 50 ارب کی گارنٹی فراہم کردی۔

مالی مسائل میں گھرے پاکستان کے اہم ترین سرکاری ادارے پی ایس او کے ساتھ سوتیلوں جیسے سلوک میں نرمی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وفاقی حکومت پی ایس او کو 10 ارب روپے کا پیکج سرکاری بجٹ سے دے گی جبکہ کمرشل بینکوں سے 50 ارب روپے لینے کے لیے حکومتی گارنٹی بھی فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

سال نو کے پہلے کاروباری روز کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا

مہنگائی نے عوام کا بھرکس نکال دیا، مہنگائی بدستور 25 فیصد سے زیادہ ریکارڈ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ایس او کو 10 ارب روپے کا بیل آوٹ پیکیج دینے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ پی ایس او کے لیے 50 ارب روپے کی بینک گارنٹی کی بھی منظوری دی گئی ہے ، یوں پی ایس او کمرشل بینکوں سے قرض حاصل کر سکے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے افغانستان میں پاکستان کے زیر انتظام اسپتالز کو ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔

ای سی سی نے ڈھائی لاکھ ٹن مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ ای سی سی پہلے ہی ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے چکی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پنجاب میں کھاد کے دو کارخانوں کو تین جنوری سے ایل این جی سپلائی روکنے کی منظوری بھی دی۔ درآمدی یوریا کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے وزارت صنعت و پیداوار کی سمری موخر کردی گئی۔

متعلقہ تحاریر