”شہنشائے ترنم “ چاہت فتح علی خان کا پی ایس ایل کو”سریلا “خراج تحسین

چاہت فتح علی خان کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی وڈیو کو چند گھنٹوں میں 3 لاکھ 28 ہزار مرتبہ دیکھاجاچکا ہے جبکہ 600 سے زائد مرتبہ اس وڈیو کو شیئر کیاگیا ہے۔

اپنی مضحکہ خیز گلوکاری سے سوشل میڈیا صارفین کو محظوظ کرنے والے چاہت فتح علی خان نے پی ایس ایل 8 کاسرکاری نغمہ جاری ہونے سے قبل ہی اپنا گیت جاری کردیا۔

انہوں نے اپنے”سریلے“ گیت یہ”یہ جو پیارا پی ایس ایل ہے“ کے ذریعے پاکستان سپر لیگ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

استاد چاہت فتح علی خان کا سُر اور لَے سے عاری نام نہاد ملی نغمہ جاری

بے سُروں کےبادشاہ چاہت فتح علی خان کی سوشل میڈیا پر دھوم

انتہائی کم وقت میں اپنی بے سری اور بھونڈی گلوکاری کے ذریعے موسیقی کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے والے استاد چاہت نے پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے لیے جو نغمہ تیار کیا ہے اسے ٹوئٹر پر غیر معمولی مقبولیت ملی ہے۔

استاد چاہت کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی وڈیو کو چند گھنٹوں میں 3 لاکھ 28 ہزار مرتبہ دیکھاجاچکا ہے جبکہ 600 سے زائد مرتبہ اس وڈیو کو شیئر کیاگیا ہے۔

البتہ ہر بار کی طرح اس بار بھی صارفین چاہت فتح علی خان کو ٹرولنگ کا نشانہ بنارہے ہیں۔ایک صارف نے وڈیو پر تبصرے میں لکھاکہ”سُر اور تال کا کیا تال میل ہے،دشمن آپ کو ہم سے چرا نہ لے“۔

ایک اور صارف نے لکھاکہ”واہ چاہت صاحب واہ! ایسا ٹیلنٹ اب تقریباً ناپید ہی ہوتا جارہا ہے،کاش آپ فیفا ورلڈکپ کیلیے بھی گانا ریلیز کردیتے، فیفا ورلڈکپ کے دوران جو تشنگی سی رہ گئی تھی وہ ختم ہوجاتی“۔

ایک صارف نے لکھاکہ”اس بہترین ترانے پر آپ کو 23 مارچ کو فخر پاکستان (صدارتی ایوارڈ) سے نوازا جاناچاہیے۔

واضح رہے کہ استاد چاہت کا یہ کوئی پہلا گیت نہیں ہے ، اس سے قبل وہ ملی نغمے سمیت کئی گیت جاری کرکے خوب”داد“وصول کرچکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر