فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار قوی خان 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

قومی خان جگر کے سرطان میں مبتلا اور کینیڈا کے اسپتال میں زیرعلاج تھے، 200 سے زائد فلموں اور لاتعداد ڈراموں میں فن کےجوہر دکھائے، ستارہ امتیاز، تمغہ حسن کارکردگی اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، وزیراعظم شہبازشریف سمیت شوبز شخصیات کا مرحوم کو خراج عقیدت

پاکستانی فلم اورڈرامہ انڈسٹری کے سینئر ترین اداکار قوی خان 80 سال کی عمر میں  کینیڈا میں انتقال کرگئے۔

اداکار قوی خان جگر کے سرطان میں مبتلا تھے اور کینیڈا کے شہر وان کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ قوی خان کی نمازجنازہ پیر کو بعد نماز ظہر مسی ساگا کی جامع مسجد میں ادا کی جائے گی، انہیں کینیڈا کوبرامپٹن شہر کے میڈوویل قبرستان میں سپرِدِ خاک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

معروف شاعر، ادیب اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد انتقال کرگئے

ففٹی ففٹی کے مشہور مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر انتقال کرگئے

 

13نومبر 1942 کو پشاور میں پیدا ہونے والے قوی خان نے ریڈیو پاکستان پشاور سے بطور چائلڈ ایکٹر اپنے فنی سفر کا آغاز کیااور ریڈیو،اسٹیج اور ٹی وی پر لاتعدادڈراموں اور 200 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔انہیں پاکستان ٹیلی وژن کے ابتدائی فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

1964 میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو پہلے ڈرامے”نذرانہ میں“انہوں نے  چائلڈ اسٹار کے طور پر کیا۔قوی خان نے  1965 میں اپنے فلمی کیئرکا آغاز کیا اور 1966 میں پی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل”لاکھوں میں 3 “ میں اداکاری کے جوہردکھائے تاہم سماجی موضوعات پر مشتمل  ڈرامہ سیریز”اندھیرا اجالا“ان کی وجہ شہرت بنی۔ان کا آخری ڈرامہ سیرل میری شہزادی اور آخری فلم قائد اعظم زندہ باد تھی۔

سینئر ترین اداکا رکو ان کی خدمات کے اعتراف میں  بہترین معاون اداکار کے نگار ایوارڈ،1980 میں تمغہ حسن کارکردگی ،2007میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈاور 2012میں ستارہ  امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے نامور اداکار محمد قوی خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیراعظم نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوی خان نے فلم، ٹی وی،اسٹیج اور ریڈیو پر اپنے فن کا لوہا منوایا، تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز قوی خان کی صلاحیتوں کا ریاستی اعتراف ہے۔

 پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے فنکاروں کی بڑی تعداد نے قوی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنے انسٹاگرام پر مرحوم کے آخری ڈرامے”میری شہزادی “کے سیٹ پر ان کے ساتھ کھنچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ” سوچا بھی نہیں تھا کہ عظیم قوی خان کے ساتھ کام کرنے کا یہ آخری موقع ہوگا۔ وہ زندگی سے بڑے انسان تھے اور  پھر بھی اتنے عاجز تھے۔ آخر وقت تک ایک پیشہ ور رہے، ساری زندگی محنت کی اور ہمیں یادگار پرفارمنس دی، نرم گو تھے اور   دوسروں کی مدد کے لیے ہمیشہ موجود رہتے  تھے“۔عتیقہ اوڈھو نے قوی خان کےانتقال کوبڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کیلیے جنت کی دعا کی۔

اداکار عدنان صدیقی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”کتنی بری خبر ہے،انڈسٹری میں قوی خان صاحب کا قد بے مثال رہے گا۔ ہم میں سے بہت سے لوگوں کے لیے وہ نہ صرف اداکاری بلکہ زندگی کے بارے میں بھی سیکھنے کا ایک چلتا پھرتا ادارہ تھے،اللہ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے“۔

اداکار فہد مصطفیٰ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھاکہ”لیجنڈ قوی صاب کی وفات کا سن کر دل دہل گیا، ہماری صنعت کے لیے اتنا بڑا نقصان، میں خوش قسمت ہوں، مجھے ان کے ساتھ فلم قائداعظم زندہ باد میں کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ اپنے ہنر میں استاد تھا اور انتہائی سچی اور پاکیزہ روح تھے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون“ ۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Imran Ashraf (@imranashrafawan)

اداکار شان شاہد، فرحان سعید، ہدایت کار نبیل قریشی،عمران اشرف،اداکارہ زینب قیوم،عروہ حسین اور دیگر نے بھی سینئر اداکار کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر