عامر لیاقت کو 2 روز قبل اپنی موت کا علم ہوگیا تھا، فیصل قریشی کا دعویٰ

عامر لیاقت سے رابطہ ہوا تو میں نے اور مفتی حنیف قریشی نے انہیں بہت سمجھایا لیکن وہ بضد تھے کہ میں جا رہا ہوں، اداکار کی نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں گفتگو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور میزبان  فیصل قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ مرحوم عامر لیاقت کو 2 روز قبل اپنی موت کا علم ہوگیا تھا،وہ بہت ہی یقین سے یہ بات کہہ رہے تھے کہ میں اب نہیں رُک پاؤں گا۔

اداکار و میزبان فیصل قریشی نے نجی ٹی وی پر ہونے والی رمضان کی خصوصی نشریات کے دوران اداکارہ صرحا اصغر سے گفتگو کرتے ہوئے  گزشتہ برس جون میں ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت سے قبل ان کے ساتھ ہونے والی آخری بات چیت کا تفصیل سے تذکرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے

ڈاکٹر عامر لیاقت کو 40 کروڑ روپے کیلئے قتل کیا گیا، دانیہ کی والدہ کا دعویٰ

فیصل قریشی نے کہا کہ مختلف لوگ ڈاکٹر عامر لیاقت کی حقیقت کے بارے میں باتیں کر رہے ہیں لیکن کسی کے بارے میں جانے بغیربات نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عامرلیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہوں نے تمام سماجی تعلقات ترک کر دیے تھے، بہت سے لوگوں نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو رہا تھا۔

اداکار  نے کہا کہ کسی طرح ہمارا عامر لیاقت سے رابطہ ہوا، میں نے اور مفتی حنیف قریشی نے انہیں بہت سمجھایا لیکن وہ بضد تھے کہ ’میں جا رہا ہوں‘  جس پر میں نے کہا فضول باتیں نہیں کریں، آئیں ملتے ہیں بیٹھ کر مسئلے کا کوئی حل نکالتے ہیں، لیکن وہ بار بار یہی بات دہرا رہے تھے۔

فیصل قریشی نے کہا کہ وہ بہت ہی یقین سے یہ بات کہہ رہے تھے کہ میں اب نہیں رُک پاؤں گا اور پھر اس کے بعد ان کے انتقال کی خبر آگئی۔

متعلقہ تحاریر