ٹائیگر 3 کو ایوینجرز: اینڈگیم کے ایکشن کوآرڈینیٹر کی خدمات حاصل ہوگئیں

کرس بارنس نے ”ایوینجرز: اینڈگیم“، ”دی بورن الٹی میٹم“ ،”آئی ایم لیجنڈ“،”جوکر“،”ڈاکٹر اسٹرینج“،”اسپائیڈر مین: فار فرام ہوم“اور”ایونجرز: انفینٹی وار“جیسی بڑی ہالی ووڈ بلاک بسٹرز میں بھی کام کیا ہے۔

یش راج فلمز کی اسپائی یونیورس سے تعلق رکھنےوالی  سلمان خا ن اور کترینہ کیف کی  نئی فلم” ٹائیگر 3“ اس سال بھارتی فلمی صنعت کی   سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم ہے۔

 اگرچہ فلمساز کمپنی کی طرف سے تاحال سلمان اور شاہ رخ خان کی جوڑی کی اس فلم میں ایک ساتھ آنے  کے بارے  میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے لیکن  متعدد سینئر فلمی ذرائع مسلسل دعویٰ کررہے  ہیں کہ بالی ووڈ کے دو سب سے بڑے سپر اسٹاراس فلم کے ذریعے ایک مرتبہ پھر بڑی اسکرین شیئر کرنے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شاہ رخ، دیپیکا اور سلمان، کترینہ کس فلم کی شوٹنگ شروع کرنے جارہے ہیں؟

پٹھان نے باہوبلی 2 کو بھی پچھاڑدیا، سب سے بڑی ہندی فلم بن گئی

”ٹائیگر 3“ یش راج فلمز کی مشہور بلاک بسٹر اسپائی یونیورس کا حصہ ہے اور دو زبردست ہٹ فلموں”ایک تھا ٹائیگر“ اور”ٹائیگر زندہ ہے“ کے بعد ٹائیگر فرنچائز کی تیسری فلم ہے۔”ٹائیگر 3“ میں کترینہ کیف  سپر اسپائی زویا اور عمران ہاشمی ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  ایسا لگتا ہے کہ فلمساز آدتیہ چوپڑا اورہدایت کار منیش شرما”ٹائیگر 3“ کے ایکشن سیکوینس کی تیاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے  جس کے بارے میں برسوں سے بات کی جارہی ہے ۔

تازہ ترین اطلاع یہ آئی ہے کہ  فلم کیلیے ہالی ووڈ کے بہترین ایکشن کوآرڈینیٹر کرس بارنس کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں   جنہوں نے مارول کی تاریخی ہٹ”ایوینجرز: اینڈگیم“ میں کام کیا ہے۔ کرس ایکشن مناظر  فلمانے  میں اپنی مثال آپ ہیں اور اس  کی بائیو سے پتہ چلتا ہے کہ  وہ سمندرایکشن مناظر فلمانے میں مہارت رکھتے ہیں ۔

کرس بارنس نے”دی بورن الٹی میٹم“ ،”آئی ایم لیجنڈ“،”جوکر“،”ڈاکٹر اسٹرینج“،”اسپائیڈر مین: فار فرام ہوم“اور”ایونجرز: انفینٹی وار“جیسی بڑی ہالی ووڈ بلاک بسٹرز میں بھی کام کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر