نبیل قریشی نے میامی شارٹ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیت لیا

میوزک ویڈیو اور شارٹ فلم "کی جانا" کا موضوع غیرت کے نام پر قتل ہے

پاکستان کے مشہور ٹی وی اور فلم کے ہدایتکار نبیل قریشی نے میامی شارٹ فلم فیسٹیول میں بہترین میوزک ویڈیو کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

گانے میں گلوکار و موسیقار شانی ارشد نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ جبکہ کلام ‘بابا بلھے شاہ’ کا ہے۔ فلم والا کے بینر تلے بننے والی شارٹ فلم کی پروڈیوسر فضاء علی ہیں۔

اس میوزک ویڈیو کا ٹائٹل ‘کی جانا’ ہے۔ جبکہ انگریزی میں اسے ‘ریڈ (دی کلر آف لو)’ کا ٹائٹل دیا گیا ہے۔ اس ویڈیو کو بلوچستان میں شوٹ کیا گیا ہے جس کا موضوع غیرت کے نام پر قتل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

یوٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبرز کا جشن کیک کاٹ کر

سر منڈوانے پر رضامند اداکارہ کی تلاش

میوزک ویڈیو کو ‘میامی فلم فیسٹیول’ اور ‘بخارسٹ فلم ایوارڈز’ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

نبیل قریشی نے ایوارڈ ملنے کے اعلان کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

شانی ارشد نے بھی نبیل قریشی کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

نبیل قریشی نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کمرشل اور ٹی وی پروگرامز کی ہدایت کاری سے کیا تھا۔ انہوں نے فیچر فلم کا ڈیبیو 2014ء میں ‘نامعلوم افراد’ سے کیا تھا۔

اُس کے بعد ‘نامعلوم افراد 2’ ، ‘ایکٹر ان لاء’ اور ‘لوڈ ویڈنگ’ جیسی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی نئی آنے والی فلم ‘قائد اعظم زندہ باد’ کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔

میامی شارٹ فلم فیسٹیول مختصر فلموں کو پروموٹ کرتا ہے جس میں 1 سے 20 منٹ دورانیے کی فلموں کی نمائش کی جاتی ہے۔ فیسٹیول کا انعقاد بین الاقوامی سطح پر کیا جاتا ہے۔ جس کا مقصد دنیا کے بہترین اور نئے آنے والے فلم سازوں کے سامنے لانا ہے۔

متعلقہ تحاریر