کیا ماجد جہانگیر کی کہانی عمر شریف کی طرح ختم ہوگی؟

ففٹی ففٹی سے شہرت پانے والے معروف کامیڈین کے لیے حکومت نے کسی فنڈ کا بندوبست کیا ہے اور نہ ہی ان کے کسی ساتھی ان سے رابطہ کیا ہے۔

ماضی کی مشہور مزاحیہ سیریل "ففٹی ففٹی” سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار ماجد جہانگیر شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی ان کی حالت زار اور حکومتی بے حسی پر شدید تذبذب کا شکار ہیں ، انہوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہیں حکومت ان کے ساتھ بھی عمر شریف جیسا ہی سلوک نہ کرے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ایک صارف نے ماجد جہانگیر کے ایک انٹرویو کا کلپ شیئر کیا ہے جس میں وہ مالی مدد نہ کرنے پر حکومت سے نالاں دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مہوش حیات جینیفر لوپیز کی مداح نکلیں

بیٹے کو طلاق کی وجہ بتانے کے لیے گانا گایا، ایڈیل

انٹرویو میں ماجد جہانگیر نے بتایا کہ "گورنر سندھ عمران اسماعیل نے انہیں فون کر کے بتایا کہ حکومت انہیں ان کی خدمات کے عوض تمغہ امتیاز سے نوازے گی۔”

 

معروف کامیڈین کا مزید کہنا تھا کہ وہ پچھلے 6 سالوں سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔ انہوں نے کہا انہیں کسی ایوارڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ ایوارڈ کی بجائے حکومت ان کی مالی مدد کرے کیونکہ وہ بہت زیادہ معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔

بدقسمتی یہ ہے کہ نہ تو حکومت نے ان کے لیے کسی فنڈ کا بندوبست کیا ہے اور نہ ہی ان کے پرانے ساتھیوں نے ان سےکوئی رابطہ کیا ہے۔

ماجد جہانگیر کی معاشی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ "اس ساری صورتحال نے میرا دل توڑ دیا ، وہ شخص جو ہمارے ہونٹوں پر مسکراہٹ بکھیرتا ہے ، جب بھی ہم اس کے بارے میں سوچتے ہیں وہ ایسی ہی کسی مصیبت میں دکھائی دیتا ہے۔”

اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ “اگر حکومت نے مزاح نگار ماجد جہانگیر کی صحت کے حوالے سے بھی مجرمانہ غفلت برتی تو ان کی زندگی بھی عمر شریف کی طرح ختم ہو سکتی ہے۔”

واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف جرمنی کے ایک اسپتال میں اس وقت انتقال کر گئے جب انہیں ایک ایئر ایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے امریکہ لے جایا جا رہا تھا۔”

متعلقہ تحاریر