تخلیق کاروں نے فلم آر آر آر کی آسکر میں نامزدگی کیلیے مہم شروع کردی
فلم آر آر آر کو آسکر ایوارڈ 2023 کے تمام 14 زمروں میں نامزدگی کیلیے پیش کردیا گیا۔
ساؤتھ انڈین فلموں کے معروف ہدایت کار ایس ایس راجامولی کے کیریئر کی سب سےکامیاب فلم آر آر آر بھارت کی طرف سے آسکر 2023 کیلیے باضابطہ نامزدگی تو حاصل نہیں کرسکی تاہم فلم کی آسکر کیلیے نامزدگی کی امید ابھی بھی باقی ہے
تخلیق کاروں نے”آپ کی توجہ کیلیے“ (فار یورکنسیڈریشن) مہم کے تحت فلم کوتمام 14 زمروں میں نامزد کرنے کیلیے پیش کردیا۔فلم کو مغربی ناقدین اور سامعین نے بھی بے حد سراہا تھا۔ فلم میں جونیئر این ٹی آر اور رام چرن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کیا آر آر آر کے ڈائریکٹر ٹام کروز اور ول اسمتھ کے ساتھ نئے پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں؟
انڈین فلم فیڈریشن کا تعصب، بلاک بسٹر تیلگو فلم آسکر کیلیے نظر انداز
گجراتی فلم چھیلو شو (آخری فلم شو) کو آسکر 2023 میں بھارت کی باضابطہ نامزدگی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ راجامولی کے پرستاروں نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر دل کی بھڑاس نکالی تھی۔
راجامولی کی فلم آسکر 2023 کے لیےبھارت کا سرکاری انتخاب تو نہ بن سکی تاہم فلم کے تخلیق کاروں کے پاس اکیڈمی ایوارڈز 2023 میں جگہ بنانے کا ایک اور موقع ہے۔ انہوں نے فلم کو تمام 14 زمروں میں نامزدگی کیلیے جمع کرایا ہے۔
#RRRForOscars pic.twitter.com/yKzrZ5fPeS
— RRR Movie (@RRRMovie) October 6, 2022
فلم کو بہترین موشن پکچر، بہترین ڈائریکٹر (ایس ایس راجامولی)، بہترین اداکار (جونیئر این ٹی آر اور رام چرن)، بہترین معاون اداکار اور اداکارہ (اجے دیوگن اور عالیہ بھٹ) کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ناتو ناتو کو بہترین اوریجنل گانے جبکہ تخلیق کاروں نے ایم ایم کیروانی کا نام بہترین اوریجنل اسکور کے لیے نامزد کیا ہے۔
مذکورہ زمروں کے علاوہ فلم کو بہترین اوریجنل اسکرین پلے، بہترین سینماٹوگرافی، بہترین پروڈکشن ڈیزائن، بہترین کاسٹیوم ڈیزائن، بہترین ساؤنڈ، بہترین فلم ایڈیٹنگ اور بہترین میک اپ اور ہیئر اسٹائلنگ کے زمرے میں بھی نامزدگی کیلیے پیش کیا گیا ہے ۔
فلم کی ٹیم آزادانہ طور پر ایوارڈ کیلیے مہم چلائے گی اور فار یورکنسیڈریشن مہم میں شامل ہونا آسکر 2023 میں ممکنہ نامزدگی کی طرف ان کا پہلا قدم ہے۔
ہدایت کار ایس ایس راجامولی کی فلم ایک افسانوی کہانی ہے جو دو تلگو حریت پسندوں الوری سیتاراما راجو اور کومارم بھیم کی زندگیوں پر مبنی ہے جن کا کردار بالترتیب رام چرن اور جونیئر این ٹی آر نے ادا کیا ہے۔فلم میں اجے دیوگن، عالیہ بھٹ، شریا سرن، ایلیسن ڈوڈی، اولیویا مورس اور رے اسٹیونسن بھی اہم کرداروں میں نظر آئے۔ ڈی وی وی دانایا کی تیار کردہ یہ فلم 500سے550 کروڑ روپے کے بڑے بجٹ میں بنائی گئی تھی۔