فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی سوشل میڈیا ٹیم کا صارفین کوسخت انتباہ
ہدایت کار بلال لاشاری اور فلمساز عمارہ حکمت کی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی سوشل میڈیا ٹیم نے فلم کی وڈیو ریکارڈنگ کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو سخت قانونی کارروائی کا انتباہ جاری کردیا۔
فلم بینوں کی جانب سے سنیما میں فلم دیکھنے کے دوران وڈیوز اور کلپ بناکر سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔کئی صارفین نے یوٹیوب پر پوری فلم کی غیرقانونی ریکارڈنگ بھی اپ لوڈ کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
دی لیجنڈ آف مولا جٹ بلاک بسٹر فلم قرار،پہلے دن کمائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے
دی لیجنڈ آف مولاجٹ آج ریلیز ہوگی، پریمیئر میں حمزہ عباسی کی عدم شرکت
فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کے ٹوئٹر ہینڈل پرجاری کردہ سخت انتباہی نوٹس میں کہاگیا ہے کہ فلم کی مووی ریکارڈنگ اور وڈیوزسوشل میڈیا اور چینلز پر اپ لوڈ کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Strict legal action will be taken against those posting movie recordings, videos on their social media accounts or channels. #TheLegendofMaulaJatt#MaulaJatt2022 pic.twitter.com/P0oHSmQTcB
— The Legend of Maula Jatt (@MaulaJattMovie) October 15, 2022
یاد رہے کہ فلمساز عمارہ حکمت،صحافی مہوش اعجاز ، فلم قائد اعظم زندہ باد کے ہدایت کار نبیل قریشی اور دیگر نے فلم بینوں کی جانب سے دی لیجنڈآف مولاجٹ کی غیرقانونی ریکارڈنگ کرکےوڈیوز اور کلپس سوشل میڈیا اور یوٹیوب کی زینت بنانے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے اپنے ٹوئٹ میں فلم بینوں سے اپیل کی تھی کہ برائے مہربانی فلم کا کوئی کلپ سوشل میڈیا یا یوٹیوب پر شیئرنہ کریں۔آپ نہ صرف دوسروں کے فلم کے تجربے کو برباد کررہے ہیں بلکہ فلم کے ممکنہ کاروبار کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ہدایت کار نبیل قریشی نے بھی عمارہ حکمت کی تائید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ انسٹاگرام یااسنیپ چیٹ پر کلپس شیئر نہ کریں اور براہ کرم فلم کے دوران اپنے انسٹا یا اسنیپ اسٹوری پر ویڈیوز کو ریکارڈ کرنا معمول کی بات نہ سمجھیں۔ یہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔