ضلع آواران میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، 3 دہشتگرد مارے گئے

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ مارے گئے دہشتگرد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 15 مارچ 2023 سے بلوچستان کے ضلع آواران کے جنوب میں سرگرم دہشت گرد گروپ کو ختم کرنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) شروع کیا گیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق تربت آواران روڈ اور گردونواح میں فائرنگ اور دیسی ساختہ بم حملوں کی وارداتوں سے تھا۔

یہ بھی پڑھیے

چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2023 کی افتتاحی تقریب

جنوبی وزیرستان میں معصوم بچوں کی شہادت: دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تھا یا ڈرون حملہ ، متضاد اطلاعات

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ تین روز سے دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں مختلف راستوں پر متعدد گھات لگائے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی مطابق اس دوران انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشن کے نتیجے میں تین دہشت گردوں کی ٹولی کو ان کے ٹھکانے کی طرف بڑھتے ہوئے روک لیا گیا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کو روکنے پر انہوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تینوں دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

متعلقہ تحاریر